اسلام آباد (این این آئی)ماہر قانون عرفان قادر نے کہا ہے کہ خاتون جج کیخلاف دھمکی آمیز بیان پر عمران خان کا بچ نکلنا مشکل ہے، عمران خان نے تقریر میں خاتون جج سے متعلق سخت زبان استعمال کی ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان قادر نے کہا کہ چار نظیریں تو ہمارے سامنے ہیں ان کیسز میں معافی نہیں ملی،
یوسف رضا گیلانی کا کیس بھی سامنے ہے، عدالت نے ان کو بھی نااہل کیا، یہ سب فیصلے سامنے رکھیں تو عمران خان کیلئے کافی مشکل ہوگی۔عرفان قادر نے کہا کہ عدالتی معاونین ٹھیک کہتے ہیں کہ توہین عدالت کا قانون ہونا نہیں چاہیے لیکن اب وہ پرانا قانون ہے تو اس کے مطابق ہی عدالت کیلئے ان کو چھوڑنا کافی مشکل ہوگا۔ماہر قانون عرفان قادر نے کہا کہ یہ کیسی معافی ہے کہ عدالت بار بار کہ رہی ہے کہ معافی مانگیں، اس وقت پاکستان کا عدالتی نظام خود آن ٹرائل ہے، بڑا مشکل ہے کہ عمران خان اس توہین عدالت سے بچ کر نکل جائیں۔ دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت بہت دیر سے مجھے گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے،جیل جاکر زیادہ خطرناک ہو جاؤں گا۔ جمعرات کو سابق وزیر اعظم عمران خان توہین عدالت کیس میں سڑک پر اتر کر پیدل عدالت پہنچے۔ میڈیا نمائندگان نے سخت سوالات کئے۔عمران خان نے کہاکہ اتنی پولیس زندگی میں نہیں دیکھی، ایسا لگ رہا تھا جیسے کلبھوشن عدالت آ رہا ہو۔صحافی کی جانب سے عمران خان سے سوال پوچھا گیا کہ کیا آپ عدالت میں ججز کے سامنے معافی مانگیں گے جس پر عمران خان نے کہاکہ آپ سے این او سی لوں گا، آپ کا کافی تجربہ ہے۔گرفتاری سے متعلق سوال پر عمران خان نے کہاکہ حکومت بہت دیر سے مجھے گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے، اگر میں جیل گیا تو اور زیادہ خطرناک ہو جاؤں گا۔صحافیوں کے سوال پر عمران خان نے کہاکہ باقی باتیں بعد میں کریں گے، ایسا نہ ہو کہ ججز کو پریشانی ہو، مجھے تو عدالت آتے آتے بھی 15 منٹ لگ گئے۔