لاہور( این این آئی)صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقہ مغلپور ہ میںمیاں ، بیوی اور ان کے 15 سالہ بیٹے کو چھریوں کے وار کر کے بے دردی سے قتل کردیا گیا، اطلاعات کے مطابق مبینہ طور پر بھانجے نے وراثتی جائیداد کے تنازعہ پر ماموں ،
ممانی اور اپنے کزن کو قتل کیا ،پولیس اور فرانزک ماہرین نے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاشیں مردہ خانے منتقل کردیں ۔ پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت ثاقب ، اس کی بیوی مریم اور ان کے 15 سالہ بیٹے عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ تینوں کو ہاتھ پائوں باندھنے کے بعد چھریوں کے وار کر کے انتہائی بے دردی سے قتل کیا گیا ۔پولیس کے مطابق اطلاع دینے والی خاتون کا کہنا ہے کہ اس کے بیٹے شان نے تینوں کو قتل کرنے کے بعد اسے بتایا۔ پولیس نے ملزم شان کو حراست میں لے کر اس سے تتفیش شروع کردی ہے۔مقتولین کے قریبی رشتے داروں اور اہل محلہ کا کہنا ہے کہ مقتول اور قاتل کے درمیان وراثتی جائیداد کی تقسیم کے معاملے پر تنازعہ چل رہا تھا، ۔پولیس کا موقف ہے کہ تفتیش شروع کردی گئی ہے جلد ہی اس واقعے کے اصل محرکات سامنے آجائیں گے ۔پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دیا ۔