کراچی (این این آئی)چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آئندہ 3 روز کے دوران موسم گرم رہے گا،
اس دوران درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔انہوں نے بتایا ہے کہ شہرِ قائد میں کہیں کہیں بوندا باندی ہو سکتی ہے،
جبکہ پری مون سون بارشیں برسانے والا سسٹم سندھ سے آگے بڑھ رہا ہے۔چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا ہے کہ کراچی میں دن کے اوقات میں شمال مغرب کی سمت سے گرم اور خشک ہوائیں چلیں گی،
جبکہ شام میں سمندری ہوائیں بحال ہونے سے موسم بہتر ہو جائے گا۔انہوںنے کہا کہ اس سسٹم کے تحت سندھ کے مشرقی حصے میں کہیں کہیں بارش کا امکان رہے گا،
سکھر، خیر پور، دادو اور سانگھڑ میں کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے۔سردار سرفراز کے مطابق یہ سسٹم بدھ کو پاکستان کے شمالی حصے میں پہنچے گا،
اس سسٹم کے سندھ سے نکلنے کے باعث بالائی سطح پر ہواوں کا رخ تبدیل ہو گا۔انہوں نے مزید بتایا ہے کہ 24 جون سے وسطی و بالائی سندھ میں گرمی پھر بڑھ جائے گی جس سے درجہ حرارت 46 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔