لیز پر حاصل طیارے پر 41 کروڑ کا سیلز ٹیکس لگادیا گیا،پرواز کی اجازت نہ ملنے پر قومی ائیرلائن کو ماہانہ لاکھوں ڈالرز کا نقصان
لاہور(این این آئی)قومی انٹرنیشنل ائیرلائن اور ایف بی آر کے درمیان طیارے کی ڈیوٹی پر تنازعے سے قومی ائیرلائن کو ماہانہ لاکھوں ڈالرز کا نقصان ہورہا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پی آئی اے نے ٹینڈر کے ذریعے 4 ایئر بس 320 طیارے لیز پر حاصل کیے تھے جس میں سے پہلا طیارہ 29 اپریل
کو اسلام آباد پہنچ گیا تھا تاہم ایف بی آر کے ساتھ جاری تنازعہ کی وجہ سے اب تک طیارے کو پرواز کی اجازت نہیں مل سکی ہے۔
ایف بی آر نے لیز پر حاصل طیارے پر 41 کروڑ کا سیلز ٹیکس لگادیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے اب تک ٹیکس کی ادائیگی نہیں کرسکی ہے۔
قومی ائیرلائن کو فی کس طیارے کی لیز کی مد میں ماہانہ 5 لاکھ ڈالر بھی ادا کرنے پڑتے ہیں جس کے باعث 41 کروڑ فی طیارہ یکمشت ٹیکس کی مد میں
ادا کرنا قومی ایئرلائن کی بساط سے باہر ہے۔پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ پرواز کی اجازت نہ مل سکنے کے باعث طیارہ اب تک کھڑا ہے اور قومی ائیرلائن کو ماہانہ لاکھوں ڈالر کا نقصان ہورہا ہے۔