برسلز (این این آئی)یورپین یونین نے ملائیشیا کی جانب سے اپنے ملک میں سزائے موت کو ختم کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس حوالے سے یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ یورپین یونین
ملائیشیا کے سزائے موت کو ختم کرنے کے اقدام کا خیر مقدم کرتی ہے جو دنیا بھر کے رجحان کے مطابق سزائے موت کے مکمل خاتمے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم ملائیشیا کی حکومت کی طرف سے اس فیصلے کو تیزی سے قانون میں تبدیل کرنے کے منتظر ہیں۔ اس کے ساتھ ہی یورپین یونین سزائے موت کو مکمل طور پر ختم کرنے کی کوششوں میں ملائیشیا کی حمایت کیلئے تیار ہے۔یورپین یونین کے مطابق اصولی طور پر یورپین یونین ہر وقت اور ہر حال میں سزائے موت کی سختی سے مخالفت کرتی ہے کیونکہ سزائے موت زندگی کے ناقابل تنسیخ حق کی خلاف ورزی کرتی ہے اور یہ حتمی ظالمانہ اور غیر انسانی سزا ہے جو جرم کی روک تھام کے طور پر کام کرنے میں ناکام رہتی اور انسانی وقار اور سالمیت کے ناقابلِ قبول انکار کی نمائندگی کرتی ہے۔اعلامیے میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ یورپین یونین ان چند باقی ماندہ ممالک میں بھی سزائے موت کے خاتمے کے لیے کام جاری رکھے گا جو اب بھی اس کا اطلاق کرتے ہیں۔ یورپین یونین نے ملائیشیا کی جانب سے اپنے ملک میں سزائے موت کو ختم کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔