پشاور(این این آئی) خیبرپختونخوا میں آٹے کی قیمتوں میں مزیداضافہ ہوگیا ہے۔بیس کلوآٹے کی قیمت پندرہ سو روپے تک پہنچ گئی ہے۔خیبرپختونخوا میںکرشنگ سیزن کے باجود آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔صوبائی حکومت کے دعوے بھی دھرے کے دھرے رہ گئے
،حکومت نے بیس کلوآٹے کی سرکاری نرخ 8سو روپے مقرر کی تھی تاہم اس پر عمل درآمد نہیں ہوا اورسرکاری آٹا بھی ایک ہزار روپے میں فروخت ہورہاہے۔عوامی حلقوں کے مطابق حکومت کی جانب سے جوسرکاری آٹا فراہم کیاجارہاہے اسکی کوالٹی نہایت خراب ہے اورکھانے کے قابل بھی نہیں،مارکیٹ ذرائع کے مطابق پنجاب سے آٹے کی ترسیل جزوی طور پر بند کردی گئی جس کے باعث آٹے کے نرخ میں کمی کاامکان ختم ہوگیا اور 85 کلو گرام آٹے کی بوری 6300 روپے، 20 کلو فائن آٹے کا تھیلا 1500 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق پشاور میں 150 ٹرک آٹا روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کی ضرورت پوری کرتا تھا تاہم پابندیاں عائد ہونے سے 20 سے 30 ٹرک تک ترسیل ممکن ہو پارہی ہے۔