کراچی (این این آئی)کے الیکٹرک نے عید الفطر تک اضافی لوڈشیڈنگ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کے الیکٹرک کا بن قاسم پاور پلانٹ 3 ایک سال تاخیر کے بعد بھی غیرفعال ہے۔کے الیکٹرک کے ترجمان نے کہا کہ
عید تک اضافی لوڈشیڈنگ کرنا پڑے گی جبکہ عید کی چھٹیوں میں کاروبار کی بندش پر صورتحال بہتر ہوسکتی ہے۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کے الیکٹرک کو مجموعی طور پر 300 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا ہے، مطلوبہ مقدار میں ایندھن کی عدم دستیابی کے باعث بھی سپلائی متاثر ہے۔دوسری جانب شہری پریشان ہیں، انکا کہنا ہے کہ ہم گزشتہ کئی سالوں سے لوڈشیڈنگ کا عزاب بھگت رہے ہیں، بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھنے لگا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں 9 سے 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ پریشان حال شہریوں کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کا اس سال گرمیوں میں لوڈشیڈنگ نا کرنے کا دعوی جھوٹا ثابت ہوا ہے۔واضح رہے کہ کراچی شہر کے جن علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے ان میں لائینز ایریا،لیاقت آباد،سرجانی ٹاون،ملیرسٹی، کورنگی،لانڈھی، پہلوان گوٹھ ،شاہ فیصل کالونی، ملیر میمن گوٹھ، ملت ٹان ، کالا بورڈ ، سعود آباد سمیت دیگر شامل ہیں۔