کراچی( آن لائن ) مسجد نبویﷺ میں وزیراعظم اوران کے وفد کے ارکان کیخلاف نعرے بازی پرسابق کرکٹر شاہد آفریدی کا ردعمل کا اظہار کر تے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنی سیاسی دشمنیاں نبھانے کے لیے حرم کی حرمت تک بھول گئے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں شاہد آفریدی نے کہا کہ یہ وہ جگہ ہے جہاں آواز بلند کرنے کی بھی ممانعت ہے مگر ہم اپنی سیاسی دشمنیاں نبھانے کے لیے حرم کی حرمت تک بھول گئے۔ ہم ریاست مدینہ کے تقدس سے بھی منکر ہو گئے۔ نعرے لگانے والوں کی پہچان تو ہو جائے گی لیکن پاکستان کی شناخت کو آج ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔سابق کرکٹر محمد یوسف نے بھی مسجد نبویﷺ میں پیش آنے والے واقعے پرافسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ٹوئٹ میں کہا کہ اسلام قبول کرنے کے بعد پہلی بار خانہ کعبہ کو دیکھ کر چیخ نکل گئی تھی۔ روضہ رسول ﷺپر آنکھوں سے آنسو جاری ہو گئے تھے۔ یہ وہ جگہیں ہیں جہاں پہنچ کر رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ روضہ رسولﷺ پر جو کچھ ہوا وہ دیکھ کر پوری امت کی طرف سے اللہ تعالیٰ سے معافی مانگتا ہوں ۔