ابوظبی(این این آئی) کورونا وائرس کی عالمی وبا کی روک تھام اور عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے ابوظبی حکومت نے بڑا قدم اٹھا لیا، کورونا وائرس کی دوا کی پہلی کھیپ ابو ظبی پہنچ گئی۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی اور برطانوی کمپنیوں کے اشتراک سے تیار ہونے
والی کورونا وائرس کی نئی دوا سوتر ویماب وی آئی آر 783 کی پہلی شپمنٹ ابوظبی پہنچ گئی ہے۔ ابوظبی کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے والی نئی دوا حاصل کرنے والا پہلا شہر ہے۔ وزارت صحت نے ایمرجنسی کی صورتحال میں دوا استعمال کرنے کی اجازت مئی کے مہینے میں دی تھی۔وزارت کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے والی دوا سے کورونا بیماری کی شدت سے بچا جا سکتا ہے اور جن کورونا مریضوں کا ابتدائی مراحل میں علاج ہوا ان میں سے 85 فیصد کی موت واقع نہیں ہوئی۔کورونا وائرس کی دوا برطانوی دواساز کمپنی گلیکسو اسمتھ کلائن اور امریکی بائیو ٹیک کمپنی وی آئی آر بائیو ٹیکنالوجی کے اشتراک سے تیار کی گئی ہے۔کورونا وائرس کی ہلکی اور معتدل علامات کے علاج کے لیے اس مونوکلونل اینٹی باڈی کی ایک ہی خوراک لی جاتی ہے۔ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایف ڈی اے)نے مئی میں اس دوا کے ایمرجنسی استعمال کی اجازت دی تھی۔