راولپنڈی(این این آئی) شمالی وزیرستان میں سرحد پار سے دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے سپاہی نے جام شہادت نوش کرلیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق شمالی وزیرستان میں ایک مرتبہ پھر سرحد پار سے شرپسندی کی کوشش کی گئی جس کی زد میں آکر پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق جام شہادت نوش کرنے والے 32 سالہ سپاہی وقار علی کا تعلق چھوٹا لاہور صوابی سے تھا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین استعمال ہونے کی مذمت کرتا ہے اور افغانستان سے موثر بارڈ مینجمنٹ یقینی بنانے کے لیے مسلسل درخواست کررہا ہے۔پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ نے کہاکہ پاک فوج دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے، اس قسم کی کارروائیوں سے ہمارا عزم مزید پختہ ہوگا۔