اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )مسجد نبوی ﷺ میں گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کے ارکان کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں پی ٹی آئی رہنما اور عمران خان کے سابق مشیر صاحبزادہ جہانگیر بھی پیش پیش تھے۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف
گزشتہ روز 13 رکنی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے 3 روزہ سرکاری دورے پر مدینہ منورہ پہنچے تھے۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی وفد کے ہمراہ مسجد نبویؐ آمد پر پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے نازیبا الفاظ کا استعمال کیا گیا ۔ نازیبا الفاظ اور نعرے بازی پر سعودی حکومت کی جانب سے ایکشن لے لیا گیا ہے ۔ نعرے بازی کرنے والے 150سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ۔ قبل ازیں وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے سعودی عرب میں پیش آئے واقعے پر اپنے ردعمل میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنہری جالیوں پر لکھی ہوئی سورہ الحجرات کی آیت سوشل میڈیا پر جاری کردی۔مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پرسورہ الحجرات کی آیت کا ترجمہ: اے ایمان والو! اپنی آوازیں نبی کی آواز پر اونچی نہ کرو اور ان کے حضور زیادہ بلند آواز سے کوئی بات نہ کہو جیسے ایک دوسرے کے سامنے بلند آواز سے بات کرتے ہو کہ کہیں تمہارے اعمال بربادنہ ہوجائیں اور تمہیں خبرنہ ہو، بھی شیئر کیا۔انکا کہنا تھا کہ جب یہ لوگ نعرے لگا رہے تھے تو میں دورد شریف پڑھ رہی تھی اور میں نے بعد میں ان لوگوں کی ہدایت کیلئے دعا کی ، ہم پر مسجد نبویؐ عزت و احترام لازم ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز قبل ازیں معروف مذہبی سکالر مولاناطارق جمیل نے کہا ہے کہ مسجد نبوی ﷺ میں حکومتی وفد کے خلاف نعرے بازی کرنے کے واقعہ اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ مسجد نبوی ﷺ میں احتجاج کی صورت میں جو حرم شریف کی پامالی کی گئی یہ بالکل اسلام میں درست نہیں ، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔