وفاقی حکومت کااسلام آباد میں کل بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم چیلنج کرنے کا فیصلہ

30  دسمبر‬‮  2022

اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 31 دسمبر کو کروانے کا حکم دیتے ہوئے کہاہے کہ وفاقی حکومت الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بلدیاتی انتخابات منعقد کرانے میں معاونت فراہم کرے۔پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی جانب سے الیکشن کمیشن کے

بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے نوٹیفکیشن کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق درخواستوں پر مختصر فیصلہ سنایا۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کا بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایک صفحہ پر مشتمل مختصر تحریری فیصلے میں لکھا کہ الیکشن کمیشن کو ہدایات دی جاتی ہے کہ پہلے سے اعلان کی گئی تاریخ 31 دسمبر 2022 کو ہی بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں۔فیصلے میں لکھا گیا کہ وفاقی حکومت الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بلدیاتی انتخابات منعقد کرانے میں معاونت فراہم کرے۔قبل ازیں اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کے خلاف کیس کی سماعت شروع ہوئی، وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل اور ڈپٹی اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔ای سی پی اور وزارت قانون 4 ماہ میں الیکشن پر رضامندی ظاہر کی اور وزارت داخلہ نے مشاورت کا وقت مانگ لیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کروایا گیا، جس میں کہا گیا کہ عدالتی حکم پر الیکشن کمیشن حکام اٹارنی جنرل کے پاس گئے، اٹارنی جنرل نے وزیر قانون سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، وزیر قانون نے ابتدائی طور پر 6 ماہ میں الیکشن کروانے کا کہا۔ای سی پی نے جواب میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے 120 دن کے اندر انتخابات پر اصرار کیا،

وزیر قانون نے بعد میں 4 مہینے کے اندر انتخابات کرانے پر رضا مندی ظاہر کی۔جواب میں کہا کہ اٹارنی جنرل نے وزارت داخلہ حکام سے بھی رابطہ کیا، وزیر داخلہ نے معاملے پر آج دن 2 بجے میٹنگ رکھی ہے، وزیر داخلہ کی جانب سے حکام نے جواب سے آگاہ کیا۔ای سی پی کی جانب سے عدالت میں جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا کہ بتایا کہ وزیرِداخلہ اکیلے وعدہ نہیں کر سکتی،

وفاقی حکومت سے مشاورت ضروری ہے۔پی ٹی آئی کے وکیل سردار تیمور نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اپنا بوجھ عدالت پر ڈالنے کی کوشش کی، عدالت نے الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات موخر کرنے کا کبھی نہیں کہا تھا۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے مجوزہ قانون سازی کا سہارا لیا، صدر کے دستخط نہ ہونے کے باعث اسے قانون سازی نہیں، مجوزہ بل ہی کہا جائے گا۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ کیا الیکشن شیڈول کسی عدالت کے سامنے چیلنج ہوا؟ اگر چیلنج نہیں ہوا تو الیکشن شیڈول تو ابھی بھی موجود ہے۔اس پر ڈی جی الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ نہیں، بلدیاتی انتخابات کو موخر کر دیا گیا تھا۔عدالت نے کہا کہ اگر ہم آپ کی رٹ پٹیشن منظور کریں تو کیا الیکشن کمیشن انتخابات کرا سکتا ہے؟پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن خود کہہ چکا کہ تمام تیاری مکمل اور صرف سامان کی ترسیل باقی ہے۔

وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ الیکشن کمیشن بے شک ایک ہفتے بعد انتخابات کرا لے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے دلائل دئیے کہ وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن حکام کا اجلاس ہے، وقت کی کمی کے باعث پیراوائز کمنٹس داخل نہیں کرا سکے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیا وفاقی حکومت اتنی نااہل ہو گئی ہے کہ پٹیشن کا جواب داخل نہ کر سکے؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ اگر جواب تیار کر بھی لیں تو وزارت قانون سے اس کی منظوری کے بعد داخل ہوتا ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا وجہ تھی کہ الیکشن سے 12 دن قبل یونین کونسلز کی تعداد میں اضافہ کیا گیا؟ آپ اس کی وجہ ہمیں بتا دیں، عدالت کے سامنے بلدیاتی انتخابات کرانے کی یقین دہانی پر کیا کہیں گے؟جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ یہ وفاقی حکومت کی صوابدید ہے کہ وہ اپنی پاور ایکسرسائز کرے۔عدالت نے استفسار کیا کہ یہ اختیار سال 2022 میں کتنی بار استعمال کیا گیا؟ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ یہ اختیار اس سال دو مرتبہ استعمال ہوا، جس پر عدالت نے پوچھا کہ جون میں پہلی مرتبہ یہ اختیار تو 2017 کی مردم شماری کی بنیاد پر استعمال کیا گیا تھا۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ 2017 کے بعد آبادی میں اضافہ ہوا، اسی لیے یونین کونسلز کی تعداد مزید بڑھائی گئی، اب قانون سازی ہو گئی ہے جس میں میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کا طریقہ کار بھی تبدیل ہوا ہے۔پہلے میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب اس الیکشن کے ایک دو ماہ بعد ہوتا تھا۔ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر جدون نے عدالت میں دلائل شروع کیے۔انہوں نے کہاکہ درخواست گزار اس وقت بھی رکن قومی اسمبلی ہیں، لیکن وہ اسمبلی نہیں جاتے، درخواست گزار کو اس وقت قومی اسمبلی میں ہونا چاہئیے، اسلام آباد کے عوام کی طرف سے منتخب تینوں ممبران قومی اسمبلی نہیں جارہے۔

الیکشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل برائے قانون نے کہا کہ الیکشن کمیشن اب بھی انتخابات کرانے کیلئے تیار ہے۔عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کل الیکشن کرانے کیلئے تیار ہیں؟ جس پر ڈی جی نے بتایا کہ ہم ابھی اپنے دلائل میں تفصیل سے بتائیں گے۔الیکشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل برائے قانون نے عدالت کو بتایا کہ بیلٹ پیپرز کی ترسیل صرف الیکشن سے دو دن پہلے کی جاتی ہے، سیکیورٹی انتظامات کا بھی کہنا ہوتا ہے۔جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ اسلام آباد میں تو ویسے بھی سیکیورٹی انتظامات ہیں۔عدالت نے استفسار کیا کہ اگر الیکشن نہیں ہوتے تو پرنٹنگ ہونے والا سامان ضائع ہو جائے گا؟

اس کا کون ذمہ دار ہو گا؟ جس پر ای سی پی کے ڈی جی برائے قانون نے بتایا کہ جس نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ ہم وفاق کے رویے سے بہت مایوس ہوئے ہیں کہ آپ نے جواب بھی داخل نہیں کرایا، جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے بتایا کہ 4 بجے فیصلہ سنایا جائے گا۔واضح رہے کہ جمعہ کی صبح الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ہائی کورٹ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے حوالے سے تفصیلی جواب جمع کروایا تھا۔گزشتہ روز سماعت کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن سے نئی ٹائم لائن جمع کرنے کی ہدایت کی تھی۔ الیکشن کمیشن نے عدالت میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف دائر درخواستوں پر الیکشن کمیشن نے ایک اور جواب جمع کروایا۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ کمیشن بلدیاتی انتخابات کرانے سے متعلق آئینی ذمہ داری پوری کرنے کے لیے سنجیدہ ہیں،

ہم نے بروقت بلدیاتی انتخابات کا حکم دیا جو ہائی کورٹ نے کالعدم قرار دے دیا۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہم الیکشن ایکٹ کی دفعہ 219 (1) کے تحت لوکل گورنمنٹ قوانین کو مدنظر رکھ کر الیکشن کروائیں گے، جب الیکشن کی تیاری مکمل ہوتی ہے تو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے قوانین میں تبدیلی سے بروقت الیکشن میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔کمیشن نے جواب میں کہا کہ دفعہ 219 (ایک) اور (4) آپس میں متصادم ہیں۔الیکشن ایکٹ کی دفعہ 219 (ایک) لوکل گورنمنٹ قوانین کے تحت صوبائی اور مرکز میں بلدیاتی الیکشن کا مینڈیٹ دیتا ہے۔دوسری جانب وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں ہفتہ کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل منوراقبال دوگل نے فیصلے کے خلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کرنے کی تصدیق کردی۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے کہاکہ فیصلے کی مصدقہ نقل مل گئی، انٹراکورٹ اپیل کی تیاری کا کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ انٹراکورٹ اپیل پر آج ہی سماعت کی استدعا کی جائے گی۔

موضوعات:



کالم



کیا یہ کھلا تضاد نہیں؟


فواد حسن فواد پاکستان کے نامور بیوروکریٹ ہیں‘…

گوہر اعجاز سے سیکھیں

پنجاب حکومت نے وائسرائے کے حکم پر دوسری جنگ عظیم…

میزبان اور مہمان

یہ برسوں پرانی بات ہے‘ میں اسلام آباد میں کسی…

رِٹ آف دی سٹیٹ

ٹیڈکازینسکی (Ted Kaczynski) 1942ء میں شکاگو میں پیدا ہوا‘…

عمران خان پر مولانا کی مہربانی

ڈاکٹر اقبال فنا کوہاٹ میں جے یو آئی کے مقامی لیڈر…

بھکارستان

پیٹرک لوٹ آسٹریلین صحافی اور سیاح ہے‘ یہ چند…

سرمایہ منتوں سے نہیں آتا

آج سے دس سال قبل میاں شہباز شریف پنجاب کے وزیراعلیٰ…

اللہ کے حوالے

سبحان کمالیہ کا رہائشی ہے اور یہ اے ایس ایف میں…

موت کی دہلیز پر

باباجی کے پاس ہر سوال کا جواب ہوتا تھا‘ ساہو…

ایران اور ایرانی معاشرہ(آخری حصہ)

ایرانی ٹیکنالوجی میں آگے ہیں‘ انہوں نے 2011ء میں…

ایران اور ایرانی معاشرہ

ایران میں پاکستان کا تاثر اچھا نہیں ‘ ہم اگر…