ڈر تھا (ن) کا چیئرمین سینیٹ آ گیا توشریف خاندان کون سا کام کرے گا؟عمران خان نے صادق سنجرانی کی حمایت کی اصل وجہ بتادی

17  مارچ‬‮  2018

لاہور( این این آئی)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے ڈر تھا کہ اگر (ن) لیگ کا چیئرمین سینیٹ آ گیا توکہیں شریف خاندان کو ملک کی دولت چوری کرنے کی اجازت دینے کیلئے قانون سازی نہ کر لی جائے ،چیف جسٹس پاکستان کو داد دیتا ہوں جنہوں نے اشتہاروں میں ان کی تصویروں کا نوٹس لیا ،ہمارا مقابلہ مافیا سے ہے جسکے پاس تجربہ کا رلوگ اور پیسہ ہے جبکہ ہمارے پاس رضا کار اورجنون ہے ،اکیس سالوں کرکٹ کے میدانوں میں مقابلہ کیا

اور اب اکیس سال سے مافیا کے خلاف بر سر پیکار ہوں ، 2018ء کا میچ آنے والا ہے اور مجھے اس کا شدت سے انتظار ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کی مرکزی رہنما ورکن قومی اسمبلی منزہ حسن کی رہائشگاہ پر منعقدہ خواتین کے ورکرز اور مقامی ہوٹل میں سوشل میڈیا سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرجہانگیر خان ترین، عبد العلیم خان، شفقت محمود، فواد چوہدری، مسرت جمشید چیمہ، ڈاکٹر نوشین حامد، سعدیہ سہیل رانا، عظمیٰ کار،حمزہ عباسی سمیت مرد وخواتین کارکنوں اور نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ جو خواتین 22سال پہلے ہمارے ساتھ مشکل سفر پر چلی تھیں میں آج ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ۔ سیاست میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے یہ نہ سمجھا جائے کہ جماعت آپ کو بھول گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اور تحریک میں فرق ہوتا ہے ۔ تحریک کا مقصد کسی مقصد کو حاصل کرنا ہوتا ہے اور اس کے لئے کوئی ٹائم فریم مقرر نہیں ہوتا۔ قائد اعظم ؒ نے چالیس سال پہلے تحریک آزادی کی جدوجہد شروع کی لیکن وہ ایک مقصد لے کر چلے تھے ۔ ہم سب کو دونوں ہاتھ اٹھا کر قائدا عظم کو دعا دینی چاہیے اور ان کا شکریہ ادا کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نیا پاکستان بنانے کی بات کرتے ہیں تو ہم اس جمہوری معاشرے اور فلاحی ریاست کی بات کرتے ہیں جو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق کی سوچ تھی ،

جہاں کمزور کی فکر ہو گی ،اقلیتوں کو برابر کے حقوق میسر ہوں گے اور یہ بڑا وژن تھا،یہ پاکستان کہیں کھو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ مافیا ملک کے وسائل پر قابض ہے ،کسی بھی ملک کے پاس جتنے مرضی وسائل ہوں لیکن جب ملک کی قیادت ان لوگوں کے ہاتھ میں آجائے جن کا مقصد صرف پیسہ بنانا اورعوام کو لوٹنا ہو تو ملک کبھی ترقی نہیں کر سکتا ۔ قومیں ہمیشہ اداروں کو مضبوط کرتی ہیں، انصاف کے ادارے عدلیہ کو مضبوط کرتی ہیں ،چوروں کو پکڑنے اور ٹیکس اکٹھا کرنے والے اداروں کی

مضبوطی کے ساتھ ساتھ گورننس کے بہتر کرتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مہذب معاشروں میں پیسہ انسانوں کے اوپر خرچ ہوتا ہے ،نبی کریم ﷺ نے مدینہ کی ریاست بنائی تو انصاف کے نظام کو طاقتور بنایا جہاں طاقتور بھی عدالت میں کھڑا ہوتا تھا ،دو خلیفہ وقت عدالت میں پیش ہوئے ، اگر کوئی طاقتور کیس ہارتا تو وہ یہ نہیں کہتا تھاکہ مجھے کیوں نکالااوروہی ملک ترقی کرتے تھے۔ نبی کریم ﷺ نے کہا تھاکہ اگر میری بیٹی بھی چوری کرتی تو اسے بھی سزا ملتی ، آج باپ بیٹی نے ساری دنیا میں رونا دھونا شروع کر رکھا ہے ۔

یہ چاہتے ہیں کہ شریف خاندان کو چوری کرنے کی اجازت دیدی جائے ، ان کا سینیٹ کا چیئرمین نہیں آیا ورنہ یہ اس کے لئے قانون سازی کر لیتے ،مجھے واقعی ڈر تھا کہ ان کا چیئرمین سینیٹ آیا تو شریف خاندان کو چور ی کی اجازت کے لئے قانون سازی کر لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب او ر سندھ میں شریف خاندان اور زرداری خاندان کئی دہائیوں سے قابض ہیں، ہمارے پاس خیبر پختوانخواہ میں چار سال سے حکومت آئی ہے اور وہاں آنے والی تبدیلیاں سب کے سامنے ہیں ۔

ڈیمو کریٹک ڈکٹیٹر شپ ملٹری ڈکٹیٹر شپ سے زیادہ خطرناک ہوتی ہے ۔اگر کسی ملک کو تباہ کرنا ہے تو اس کے ادارے تباہ کر دو ۔ پنجاب میں یہاں انسانوں پر نہیں بلکہ میٹرو پر خرچ کیے جارہے ہیں جبکہ لوگ بھوکے مر رہے ہیں انہیں پینے کا صاف پانی میسر نہیں ۔ افریقی ملکوں سے بھی زیادہ پاکستان میں گندا پانی پینے سے بچے مرتے ہیں ،ڈھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ شہباز شریف بہت بڑا ڈرامہ ہے اس سے بڑا ڈرامہ نہیں ملے گا۔ میں چیف جسٹس پاکستان کو داد دیتا ہوں جنہوں نے اشتہاروں میں

ان کی تصویر کا نوٹس لیا ہے ورنہ صبح اٹھو تو اشتہاروں میں انکی تصویر دیکھنی پڑتی تھی، انہوں نے تو ٹوائلٹ کے باہر بھی تصویر لگا دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہیں ملتان میٹرو تیس ارب سے بنی ہے جبکہ لوگ کہتے ہیں اس پر ساٹھ ارب خرچ ہوئے ہیں لیکن دوسری جانب ہسپتالوں کی حالت دیکھ لیں۔ میٹرو میں وہاں خالی بسیں چل رہی ہیں اور لوگوں کو بیوقوف بنانے کے لئے ان کے شیشے کالے کر دئیے گئے ہیں تاکہ لوگوں کو نظر نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ میں بائیس سال سے جدوجہد میں مصروف ہوں ،

شروع میں ہمارے ساتھیوں کا گھر والے بھی مذاق اڑاتے تھے میر ابھی مذاق اڑایا جاتا تھا لیکن جو اس وقت مذاق اڑاتھے وہ آج ہماری جماعت میں شمولیت اختیار کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہہم خواتین کو تعلیم دیں گے تاکہ انہیں با اختیار بنایا جا سکے ،جائیداد میں شریعت کے مطابق جو حق بنتا ہے وہ دلوائیں گے اور خواتین کے حقوق کو یقینی بنانے کے لئے قانون سازی کریں گے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ سوشل میڈیا نے دنیا بدل دی ہے اگر سوشل میڈیا نہ ہوتا تو

تحریک انصاف کھڑی نہیں ہو سکتی تھی کیونکہ ہمارے پاس میڈیا سے سپیس حاصل کرنے کے لئے وسائل نہیں ۔ ہمارا مقابلہ مافیا سے ہے ان کے پاس تجربہ کا رلوگ ہیں اور ہمارے پاس رضا کار ہیں ہمارے پاس جنون ہے اور ان کے پاس پیسہ ہے اور یہ بہت دلچسپ جنگ ہو گی ۔ میری ساری زندگی مقابلہ کرتے ہوئے گزری ہے ،اکیس سالوں کرکٹ کے میدانوں میں مقابلہ کیا اور اب اکیس سال سے مافیا کے خلاف بر سر پیکار ہوں ۔ 2018ء کا میچ آنے والا ہے اور مجھے کسی میچ کا اتنا انتظار نہیں تھا

جو 2018ء کے انتخاب کی صورت میں آنے والا ہے ۔ یہ نوجوانوں کے مستقبل کی جنگ ہے اگر ہم جیتتے ہیں تو پاکستان کو تبدیل کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے آنے سے اندرونی اور بیرونی قرضے کئی گنا بڑھ گئے ہیں،یہ بیرون ممالک سے بڑے بڑے قرضے لیتے ہیں اور انہیں ہیومن ڈویلپمنٹ پر خرچ کرنے کی بجائے بڑے بڑے منصوبے بناتے ہیں اور پیسہ چوری کر کے اپنے اکاؤنٹس میں ڈالتے ہیں، ان کے بچے اور خاندان ارب پتی ہو گئے ہیں اور شہزادوں اور شہزادیوں کی طرح زندگی گزار رہے ہیں جبکہ غریب کی حالت زار سب کے سامنے ہے۔



کالم



کیا یہ کھلا تضاد نہیں؟


فواد حسن فواد پاکستان کے نامور بیوروکریٹ ہیں‘…

گوہر اعجاز سے سیکھیں

پنجاب حکومت نے وائسرائے کے حکم پر دوسری جنگ عظیم…

میزبان اور مہمان

یہ برسوں پرانی بات ہے‘ میں اسلام آباد میں کسی…

رِٹ آف دی سٹیٹ

ٹیڈکازینسکی (Ted Kaczynski) 1942ء میں شکاگو میں پیدا ہوا‘…

عمران خان پر مولانا کی مہربانی

ڈاکٹر اقبال فنا کوہاٹ میں جے یو آئی کے مقامی لیڈر…

بھکارستان

پیٹرک لوٹ آسٹریلین صحافی اور سیاح ہے‘ یہ چند…

سرمایہ منتوں سے نہیں آتا

آج سے دس سال قبل میاں شہباز شریف پنجاب کے وزیراعلیٰ…

اللہ کے حوالے

سبحان کمالیہ کا رہائشی ہے اور یہ اے ایس ایف میں…

موت کی دہلیز پر

باباجی کے پاس ہر سوال کا جواب ہوتا تھا‘ ساہو…

ایران اور ایرانی معاشرہ(آخری حصہ)

ایرانی ٹیکنالوجی میں آگے ہیں‘ انہوں نے 2011ء میں…

ایران اور ایرانی معاشرہ

ایران میں پاکستان کا تاثر اچھا نہیں ‘ ہم اگر…