شام کی سرحد سے

20  جولائی  2017

عرفہ میں مقام ابراہیم ؑ اور مقام ایوب ؑ دو بڑی زیارتیں ہیں‘ مقام ابراہیم ؑ پر پانی کا ایک بڑا تالاب اور اس تالاب میں درمیانے سائز کی مچھلیاں ہیں‘ نمرود نے تالاب کی جگہ آگ جلائی تھی اور اس آگ میں حضرت ابراہیم ؑ کو پھینک دیا گیا تھا‘ یہ مقام اللہ کے حکم پر تالاب بن گیااور تالاب میں مچھلیاں پیدا ہو گئیں‘ تالاب کے گرد پرانے دور کی بارہ دریاں اور قدیم قبرستان بھی موجود ہیں‘ یہ مقام پہاڑوں میں گھرا ہوا ہے‘ پہاڑوں میں

ہزاروں کی تعداد میں غار ہیں‘ نمرود کے دور میں لوگ ان غاروں میں رہتے تھے‘ یہ غار انساناور قدرت کی خوبصورت صناعی ہیں‘ یہ اب غیر آباد اور ویران ہیں لیکن ان کی ویرانی میں گئے زمانوں کی باس ابھی تک باقی ہے‘ آپ ان کے قریب پہنچیں تو آپ کو آج بھی ان سے نمرود کی جھوٹی خدائی کی بو آتی ہے‘ آپ کو وہاں سرکتی سسکتی تڑپتی عبرت بھی نظر آتی ہے‘ تالاب کے ساتھ پرانے دور کا قبرستان بھی ہے‘ قبریں بھی ہیں اور ان قبروں پر قدیم تحریریں بھی ہیں‘ہم وہاں دیر تک گھومتے رہے اور حضرت ابراہیم ؑپر درودوسلام بھیجتے رہے‘ مقام ایوبؑ میں حضرت ایوبؑ کا وہ غار ہے جس میں آپؑ نے اپنی زندگی کے اٹھارہ مشکل ترین سال گزارے‘غار زمین میں گہرائی میں ہے‘ سیڑھیاں چھوٹی اور مشکل ہیں‘ ہم سیڑھیاں اترنے کے بعد پانچ فٹ کے چھوٹے سے غار میں پہنچ گئے‘ غار کے آخری سرے کو شیشے کی دیوار سے بند کر دیاگیا ہے‘ مقام ایوب شیشے کی دیوار کی دوسری طرف تھا‘ ہم نے وہاں سے وہ مقام دیکھا جہاں حضرت ایوبؑ مقیم رہے‘ ہم نے وہاں دعا کی اور باہر آ گئے‘ غار سے چند گز کے فاصلے پر وہ کنواں بھی موجود تھا جس کے پانی سے آپؑ شفایاب ہوئے تھے‘ کنواں بند ہو چکا تھا لیکن اس کی نشانی ابھی تک موجود ہے‘ میں نے حضرت ایوبؑ کے غار میں اپنی قوم کےلئے صبر اور برداشت کی دعا کی‘ شاید اللہ تعالیٰ ہماری یہ دعا قبول کر لے اور ہماری بے قرار قوم کو قرار آ جائے ‘ عرفہ کے کباب اور مٹھائیاں بہت مشہور ہیں‘ خبیب فاﺅنڈیشن کے چیئرمین ندیم احمد اور روزنامہ اسلام کے ایڈیٹر ملا خیل بھی ہمارے ساتھ تھے‘ ندیم احمد سلجھے ہوئے نرم مزاج انسان ہیں‘ یہ ہمیں عرفہ کے ایک روایتی ریستوران میں لے گئے‘ کباب واقعی شاندار تھے۔ہماری اگلی منزل کلیس (Killis) تھی‘ یہ بھی ترکی کا بارڈر سٹی ہے‘ ہمیں عرفہ سے

کلیس پہنچنے میں اڑھائی گھنٹے لگے‘ رات کا سفر تھا لیکن سرحد پر بھی سٹریٹ لائیٹس اور رواں اور کھلی سڑک موجود تھی‘ کلیس کے بارڈر پر نصف درجن مہاجر کیمپ ہیں‘ یہ کیمپس شام کے علاقے میں ہیں لیکن ان کا انتظام ترکی کے پاس ہے‘ آئی ایچ ایچ کے نوجوان ان کیمپوں میں خوراک بھی پہنچاتے ہیں‘ ادویات بھی اور کپڑے بھی‘ کیمپوں کی حالت اچھی نہیں ‘علاقے کا موسم شدید ہے‘یہاں سردیوں میں برف پڑتی ہے جبکہ گرمیوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک چلا جاتا ہے‘ شام کے مہاجرین سات برسوں سے اس شدید موسم میں خیموں میں پڑے ہیں‘

پانی اور خوراک بھی نہیں اور دوسری ضروریات زندگی بھی ناپید ہیں‘ آئی ایچ ایچ کے نمائندے نے بتایا ”ہماری نارمل زندگی میں نیل کٹر ایک عام ناقابل توجہ چیز ہوتی ہے لیکن ان کیمپوں میں یہ بھی ناپید ہے‘ لوگ ناخن پتھروں پر رگڑ کر ہموار کرتے ہیں‘ نہانے کا تصور تک نہیں‘ شدید بمباری اور فائرنگ کی وجہ سے حلب اور ادلب قبرستان بن چکے ہیں‘ لاکھوں لوگ شدید زخمی ہیں‘ ہسپتال مفقود ہو چکے ہیں‘ ڈاکٹروں نے گھروں میں آپریشن تھیٹر بنا رکھے ہیں‘ زخمیوں کو بے ہوش کئے بغیر آپریشن کئے جاتے ہیں‘ مریض اور ڈاکٹر دونوں تلاوت کرتے جاتے ہیں اور روتے جاتے ہیں اور لاکھوں کی تعداد میں بیوائیں‘ یتیم اور معذور بچے بھی موجود ہیں‘ یہ لوگ بے چارگی سے دائیں بائیں دیکھتے ہیں اور انہیں دور دور تک آس اور امید کی کوئی کرن نظر نہیں آتی“ ندیم احمد ہمیں چند ایسے گھروں میں لے گئے جہاں جوان بیوائیں اور ان کے زخمی بچے موجود تھے‘

جنگ بچوں کی آنکھیں اور ہاتھ پاﺅں کھا گئی تھی اور وہ ہر اجنبی کو اپنا باپ سمجھ کر اس کی ٹانگوں سے لپٹ جاتے تھے‘ کلیس میں قطر کی حکومت نے روٹی کے آٹو میٹک پلانٹ لگا دیئے ہیں‘ ہر پلانٹ روزانہ ڈیڑھ لاکھ روٹیاں بناتا ہے‘ یہ روٹیاں پلاسٹک کے لفافوں میں بند کی جاتی ہیں‘ کریٹوں میں رکھی جاتی ہیں اور کیمپوں میں تقسیم کر دی جاتی ہیں‘ کلیس اور عرفہ میں روزانہ 27 لاکھ روٹیاں تقسیم ہوتی ہیں‘ کلیس میں بڑا کچن بھی تھا‘ کچن میں آٹو میٹک مشینوں کے ذریعے ٹنوں کے حساب سے سالن تیار ہو رہا تھا‘ ہم نے سالن اور روٹیاں وصول کرنے والے بچوں کی تصویریں دیکھیں تو ہماری آنکھوں میں آنسو آ گئے‘

انتہائی خوبصورت بچے اپنے ننھے ننھے ہاتھوں میں سالن کے برتن اٹھاکر کھڑے تھے اور ان کی مائیں پردے کے پیچھے کھڑی ہو کر یاس سے انہیں دیکھ رہی تھیں‘ ملک اور امن کتنی بڑی نعمت ہوتے ہیں ہم یہ سمجھنے کےلئے کاش ایک بار شام کے کیمپوں کا چکر لگا لیں‘ ہمیں اپنے وطن کی قدر ہو جائے گی اور قومیں چند لمحوں میں کس طرح برباد ہوتی ہیں ہمیں یہ جاننے کےلئے بھی ایک بار ان کیمپوں کا دورہ ضرور کرنا چاہیے‘ یہ لوگ انبیاءاور صحابہ کی نسل ہیں‘ یہ ہم سے کئی گنا پرہیز گار اور متقی بھی ہیں‘ یہ ہم سے ہزار گنا خوبصورت‘ بہادر اور کلچرڈ بھی ہیں لیکن سیاسی منافرت‘ فرقہ واریت اور کمزور حکومتی ڈھانچہ انہیں چند برسوں میں وہاں لے آیا جہاں انسانیت‘ انسانیت نہیں رہی عبرت بن گئی‘

یہ لوگ بھی ہماری طرح صدیوں سے فرقوں‘ نسلوں اور قبیلوں میں تقسیم تھے لیکن مضبوط حکومت اور تگڑی فوج نے انہیں باندھ رکھاتھا‘یہ حکومتی ڈھانچہ اور رٹ آف دی گورنمنٹ ڈھیلی پڑی تو وہاں بھی دھرنے پر دھرنا شروع ہو گیااور یوں دیکھتے ہی دیکھتے دنیا کا خوبصورت ترین ملک اور انبیاءکرام کی سرزمین مٹی کا ڈھیر بن گئی اور قوم صدقے اور خیرات پر پلنے لگی‘یہ ہم جیسے لوگوں کےلئے عبرت کی نشانی ہے‘ شام کے اس مشکل وقت پر صرف ترکی اور قطر نے اس کا ساتھ دیا‘ قطر نے خزانے کھول دیئے اور ترکی نے پوری قوم خدمت پر لگا دی جبکہ باقی اسلامی دنیا تماشہ دیکھ رہی ہے‘

یہ بے حسی زخم پر جلتا ہوا کوئلہ ثابت ہو رہی ہے‘ یہ لوگ پورے عالم اسلام کو بددعائیں دے رہے ہیں‘ اللہ تعالیٰ اگر اس کے بعد بھی ہم پر عذاب نازل نہیں کرتا تو یہ اس کے رحم کی انتہا ہے‘ یہ واقعی غفور الرحیم ہے۔ریحان لی شہر کلیس سے بھی دو گھنٹے آگے ہے‘ یہ شہر ادلب کے بارڈر پرواقع ہے‘ ریحان لی اور ادلب کے درمیان ایک کلو میٹر کا فاصلہ ہے‘ترک حکومت نے کلیس سے ریحان لی تک سڑک کے دونوں طرف کپاس اور زیتون لگا دیئے ہیں‘ ان کی وجہ سے پورا علاقہ سرسبز دکھائی دیتا ہے‘ ریحان لی میں سرحد سڑک کے ساتھ ساتھ چلتی ہے‘ پہاڑیاں شام میں ہیں اور وادیاں ترکی میں‘ ادلب اس وقت علاقے کا سب سے بڑا انسانی المیہ ہے‘

شہری آبادی پر کیمیائی ہتھیار بھی استعمال ہوئے اور خوفناک بمباری بھی ہوئی‘ دہشت گردوں نے انسانی آبادی کو ”ہیومن شیلڈ“بھی بنا رکھا ہے‘ ادلب سے روز زخمی اور لاشیں ریحان لی آتی ہیں‘ قطری حکومت سرحد پر پکے مکان‘ ہسپتال اور یتیم خانے بنا رہی ہے‘ یہ لوگ مہاجرین کو ان میں آباد کرتے چلے جا رہے ہیں‘ ہمیں ریحان لی میں یتیم بچوں کا ویلج دیکھنے کا موقع ملا‘ ہم نے آج تک اتنا خوبصورت یتیم خانہ نہیں دیکھا‘ دو سو کنال پر پچاس خوبصورت اور جدید بنگلے تھے‘ ہر بنگلے میں اٹھارہ یتیم بچوں اور تین آیاﺅں کی رہائش کا انتظام تھا‘ بنگلے میں بچوں کے کھیلنے‘ پڑھنے‘ غسل اور کھانے پینے کابندوبست بھی تھا اور سونے کا بھی‘ کمپاﺅنڈ میں سکول اور کھیل کا میدان بھی تھا‘ یہ پورا کمپاﺅنڈ قطری حکومت نے بنا کر دیا اور کمال کر دیا‘

ندیم احمد نے بتایا‘ ہم نے کمپاﺅنڈ کا ایک سکول لے لیا ہے‘ کمپاﺅنڈ کی سیکورٹی اور ریسپشن دیکھنے کے لائق تھی‘ ہمیں ریحان لی میں ایک بیوہ ہاﺅس دیکھنے کا موقع بھی ملا‘یہ پانچ منزلہ عمارت تھی جس میں پندرہ فلیٹس تھے‘ ہر فلیٹ میں ایک بیوہ اپنے بچوں کے ساتھ رہتی تھی‘ چھت پر بچوں کا سکول تھا جبکہ عمارت کی سیکورٹی آئی ایچ ایچ کے پاس تھی۔عرفہ‘ کلیس اور ریحان لی تینوں شہروں میں آئی ایچ ایچ کے گودام‘ ٹریننگ سنٹر‘ بیکریاں‘ روٹی پلانٹ اور رجسٹریشن آفس ہیں‘ گودام وسیع وعریض ہیں‘ ہر چیز سلیقے کے ساتھ رکھی تھی اور ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ تھا‘ دنیا کے مختلف ملکوں سے امدادی سامان یہاں آتا ہے‘

کارکن یہ سامان سلیقے کے ساتھ لگا دیتے ہیں ‘ یہ لوگ مہاجرین کا ڈیٹا بھی رکھتے ہیں‘ ترکی مزید مہاجرین نہیں لے رہا چنانچہ آئی ایچ ایچ مہاجرین کو سرحد کی دوسری طرف امداد دیتی ہے جبکہ ترک فوج اپنے کارکنوں اور مہاجرین کی حفاظت کرتی ہے‘ ترک آرمی شام کے اندر دور تک چلی گئی ہے‘ یہ علاقہ بھی کلیئر کرتی جا رہی ہے اور مہاجرین کو سرحد کی طرف راستہ بھی دیتی جا رہی ہے‘ ترکی کوشش کر رہا ہے یہ زیادہ سے زیادہ علاقہ کلیئر کر کے شام کی حکومت کے حوالے کر دے تا کہ شام میں استحکام آ جائے‘

ترکی کا خیال ہے یہ بدامنی جوں جوں بڑھتی جائے گی ترکی کی مشکلات میں اضافہ ہوتا چلا جائے گا‘ یہ خدشہ غلط نہیں ہے‘ یہ بحران جتنا طویل ہوتا جائے گا یہ پوری اسلامی دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیتا جائے گا‘ یہ آخر میں سعودی عرب پہنچ جائے گا اور یہ اگر سعودی عرب پہنچ گیا تو پھر پورا عالم اسلام پھوڑا بن جائے گا‘ ہم سب شام بن جائیں گے چنانچہ ہمیں شام سے پہلے شام پر توجہ دینا ہو گی ورنہ ہم سب کی شام آ جائے گی۔



کالم



رِٹ آف دی سٹیٹ


ٹیڈکازینسکی (Ted Kaczynski) 1942ء میں شکاگو میں پیدا ہوا‘…

عمران خان پر مولانا کی مہربانی

ڈاکٹر اقبال فنا کوہاٹ میں جے یو آئی کے مقامی لیڈر…

بھکارستان

پیٹرک لوٹ آسٹریلین صحافی اور سیاح ہے‘ یہ چند…

سرمایہ منتوں سے نہیں آتا

آج سے دس سال قبل میاں شہباز شریف پنجاب کے وزیراعلیٰ…

اللہ کے حوالے

سبحان کمالیہ کا رہائشی ہے اور یہ اے ایس ایف میں…

موت کی دہلیز پر

باباجی کے پاس ہر سوال کا جواب ہوتا تھا‘ ساہو…

ایران اور ایرانی معاشرہ(آخری حصہ)

ایرانی ٹیکنالوجی میں آگے ہیں‘ انہوں نے 2011ء میں…

ایران اور ایرانی معاشرہ

ایران میں پاکستان کا تاثر اچھا نہیں ‘ ہم اگر…

سعدی کے شیراز میں

حافظ شیرازی اس زمانے کے چاہت فتح علی خان تھے‘…

اصفہان میں ایک دن

اصفہان کاشان سے دو گھنٹے کی ڈرائیور پر واقع ہے‘…

کاشان کے گلابوں میں

کاشان قم سے ڈیڑھ گھنٹے کی ڈرائیو پر ہے‘ یہ سارا…