کومانو (یوگوسلاویہ) کے ایک سینما ہال میں ٹیکسی ڈرائیور شائیلو کو اپنی نشست کے پاس فرش پر ایک یونانی طرز کا سگریٹ گرا ہوا ملا تھا۔ اس نے سگریٹ کو جلانے کے لیے آدھی سے زیادہ ماچس ختم کر ڈالی مگر سگریٹ نہ سلگا۔ تنگ آ کر جب اس نے یونانی سگریٹ چیر کر دیکھا تو اس میں ایک ہزار ڈالر کا نوٹ برآمد ہوا۔
ابلیس کے پانچ خصائل
ابو محمد مروزیؒ فرماتے ہیں ’’ابلیس پانچ خصائل کی وجہ سے بدبخت ہوا۔ اول اس نے اپنے گناہ کا اقرار نہ کیا۔ دوم وہ گناہ پر نادم بھی نہ ہوا۔ سوم نہ اس نے اپنے نفس کو ملامت کیا۔ چہارم اور نہ استغفار کیا نہ توبہ کی۔ پنجم اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی رحمت سے مایوس ہو گیا۔‘‘نیز فرمایا کہ ’’حضرت آدم علیہ السلام نے اس کے برعکس کیا اور پانچ خصائل کے باعث سعید ہو گئے۔ اول انہوں نے اپنے گناہ کا اقرار کیا۔ دوم گناہ پر ندامت اٹھائی۔ سوم اپنے نفس کو ملامت کیا۔ چہارم فی الفور توبہ کی۔ پنجم اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی رحمت سے ناامید نہ ہوئے۔
بچوں کا کھلونا
کوہ قاف کے مسلمان ایک نظم پڑھتے ہیں، جس کے معنی ہیں ’’جو مرنا نہیں جانتے وہ لڑ نہیں سکتے اور جو لڑنا نہیں جانتے وہ جی نہیں سکتے۔ ہم اس لیے زندہ ہیں کہ ہم لڑنا جانتے ہیں، ہمارے بچے سب سے پہلے جن کھلونوں سے کھیلتے ہیں وہ خنجر ہیں۔‘‘
ایک جامع دعا
آپ کسی سے ملاقات کے لیے ’’ہیلو‘‘ کہتے ہیں تو بتائیے آپ کے اس عمل سے ملاقاتی کو کیا فائدہ ہوا۔ دنیا یا آخرت کا۔ یقیناً آپ کا جواب یہی ہوگا کہ کہ اسے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ لیکن اگر آپ السلام علیکم و رحمتہ اللہ و برکاتہ یعنی آپ پر سلامتی ہو اور اللہ کی رحمتیں اور برکتیں ہوں کہیں گے تو آپ کے ان الفاظ سے ملاقاتی کو بہت فائدہ ہو گا۔ گویا آپ نے اسے تین دعائیں دیں۔
اسی طرح اگر آپ کسی کو ’’گڈ مارننگ یا گڈ ایوننگ‘‘ کہیں گے تو ذرا غور کیجئے۔ آپ نے اپنے ملاقاتی کو صرف صبح یا شام کی دعا دی۔ یعنی تمہاری صبح اچھی ہو، تمہاری شام اچھی ہو۔ لیکن اسلام نے ہمیں جو کلمہ سکھایا ہے، وہ ایسا جامع کلمہ ہے کہ اگر صرف ایک مخلص مسلمان کا سلام اور دعا ہمارے حق میں اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں قبول ہو جائے تو انشاء اللہ ساری برائی اور تکلیف ہم سے دور ہو جائے گی۔ ہم دنیا و آخرت میں سلامتی پالیں گے۔ ہر امتحان میں کامیاب ہو جائیں گے۔



















































