حضرت شبلیؒ کا ایک مرید تھا وہ کچھ عرصہ غائب رہا، جب ملاقات ہوئی تو پوچھا بھئی کہاں گئے تھے؟حضرت حج کرنے گیاتھا۔فرمایا بھئی ادھر آؤ، کیسے حج کیا؟ کہنے لگا حضرت میں نے احرام پہنا تھا۔فرمایا اچھا جب تم نے احرام پہنا تھا اور لباس اتارا تھا تو اس وقت گناہوں کا لباس اتارنے کی بھی تم نے نیت کی تھی؟حضرت میں نے یہ نیت تو نہیں کی۔اچھا جب تم نے احرام پہنا تھا تو تقویٰ کا لباس پہننے کی بھی نیت کی تھی؟
حضرت میں نے تو یہ نیت نہیں کی تھی۔اچھا جب تم نے تلبیہ پڑھا تھا تو لبیک کہتے ہوئے اپنے دل و جان سے اپنے آپ کو اپنے رب کے حوالے بھی کیا تھا؟حضرت میں نے یہ نیت تو کوئی نہیں کی تھی۔فرمایا اچھا یہ بتاؤ کہ جب تم گئے تھے طواف کرنے کے لیے تو پھر تمہیں حجر اسود کا استلام کرتے ہوئے محبوب کے ہاتھوں کو بوسہ دینے کی لذت بھی نصیب ہوئی تھی؟حضرت ایسی تو کوئی کیفیت نہیں ملی۔فرمایا جب ملتزم سے لپٹے تھے تو محبوب سے معانقہ کرنے کی لذت بھی ملی تھی؟حضرت ایسی تو کوئی کیفیت نہیں ملی۔فرمایا اچھا یہ بتاؤ جب غلاف کعبہ کو پکڑ کر دعائیں مانگیں تو کیا تمہیں محبوب کے دامن کو پکڑ کے اپنی آرزو پیش کرنے کی کیفیت ملی تھی؟حضرت ایسی تو کوئی نہیں ملی۔اچھا جب تم نے رمل کیاتھا تو کیا اس وقت تمہیں (فَفِرُّوْا اِلَی اللّٰہِ) والی کیفیت ہو گئی تھی؟حضرت ایسی کیفیت تو کوئی نہیں حاصل ہوئی تھی۔فرمایا اچھا جب عرفات میں پہنچے تھے تو کیاتمہیں اللہ کی معرفت مل گئی تھی؟حضرت نہیں وہ تو نہیں ملی تھی۔فرمایا اچھا جب تم مزدلفہ میں آئے تھے تو بتاؤ کہ وہاں پر تمہیں حقوق العباد کے بارے میں یہ کیفیت آ گئی تھی کہ بھئی میں نے واقعی سب کے حقوق ادا کرنے ہیں اور اللہ تعالیٰ سے مجھے ان کی کوتاہی پر معافی مانگنی ہے؟حضرت یہ تو نہیں ہوا تھا۔اچھا جب منیٰ آئے تھے اور شیطان کو کنکریاں ماری تھیں تو کیا تم نے دل سے شیطان کے ساتھ پکی دشمنی کرنے کا ارادہ بھی کر لیا تھا؟
حضرت ایسا تو کوئی نہیں کیا تھا۔اچھا جب تم نے قربانی کی تھی تو قربانی کرتے ہوئے اپنے اندر کے نفس کو بھی اللہ کے سامنے قربان کرنے کی نیت کی تھی؟ حضرت میں نے ایسی نیت تو کوئی نہیں کی۔فرمایا جب تم طواف زیارت کے آئے تھے، تو کیا تمہیں محبوب کی زیارت اس کی تجلیات کا دیدار نصیب ہوا تھا؟ اس نے کہا حضرت ایسا تو کچھ نصیب نہیں ہوا تھا۔فرمانے لگے کہ اگر تمہیں اس میں سے کچھ نصیب نہ ہوا تو تم یوں سمجھو کہ تم نے کوئی حج کیا ہی نہیں، اب جاؤ اور جیسے میں نے تمہیں سمجھایا آئندہ ان کیفیتوں سے جا کر حج کرکے آنا۔



















































