بنی اسرائیل کی ایک عورت اپنے بچے کو لے کر جنگل سے گزر رہی تھی۔ اچانک ایک بھیڑیا آیا اور اس نے اس عورت پر حملہ کردیا۔ جب بھیڑیے نے حملہ کیا تو وہ کمزور دل عورت گھبرا گئی۔ جس کی وجہ سے اس کا بیٹا اس کے ہاتھ سے نیچے گر گیا۔ اس بھیڑیے نے اس بچہ کو اٹھایا اور بھاگ گیا۔
جب ماں نے دیکھا کہ بھیڑیا میرے بیٹے کو منہ میں ڈال کر لے جا رہا ہے تو ماں کی مامتا نے بھی جوش مارا اور اس کے دل سے ایک آہ نکلی، جیسے ہی اس کی آہ نکلی تو اس نے دیکھا کہ ایک جواں مرد درخت کے پیچھے سے اس بھیڑیے کے سامنے آیا اور بھیڑیے نے جب اچانک کسی کو اپنے سامنے دیکھا تو وہ بھی گھبرا گیا۔ جس کی وجہ سے بچہ بھیڑیے کے منہ سے نیچے گر گیا اور وہ بھاگ گیا۔ اس نوجوان نے بچے کو اٹھایا اور لا کر اس کی ماں کے حوالے کر دیا۔ وہ ماں کہنے لگی کہ تو کون ہے؟ جس نے میرے بچے کی جان بچا دی؟ اس نے کہا میں اللہ رب العزت کا فرشتہ ہوں۔ مجھے پروردگار نے آپ کی مدد کے لیے بھیجا ہے۔ ایک دفعہ آپ اپنے گھر میں بیٹھی ہوئی کھانا کھا رہی تھیں عین اسی وقت کسی سائل نے آپ کے دروازے پر روٹی کا ٹکڑا مانگا۔ آپ کے گھر میں اس وقت وہی روٹی تھی، جو آپ کھا رہی تھی۔ آپ نے اس وقت سوچا کہ میں اللہ کے نام پر سوال کرنے والوں کو خالی کیسے بھیجوں۔ تم نے اپنے منہ کا لقمہ نکال کر اس کودے دیا۔ اس صدقہ کی برکت سے اللہ نے تیرے بچے کی حفاظت کے لیے مجھے بھیجا۔



















































