اتوار‬‮ ، 24 مئی‬‮‬‮ 2026 

شیخ کامل کا مجوسی کو مسلمان اور پھر شیخ کامل بنانے کا عجیب واقعہ

datetime 5  مئی‬‮  2017 |

حضرت شیخ حاجی شریف زندنی کے دیار میں فقراء میں سے ایک شخص رہتا تھا۔ جس کی سات جوان لڑکیاں تھیں۔ وہ فقر و فاقہ میں ہمیشہ مبتلا رہتا تھا اور اس کی وجہ سے بہت پریشان اور بے بس تھا۔ ایک دن آپ کی خدمت میں حاضر ہو کر اس نے عرض حال کیا۔ حضرت شیخ نے فرمایا کہ ’’اے درویش! آج جتنی تکلیف اٹھاؤ گے، کل آرام پاؤ گے۔‘‘

اس نے عرض کی کہ ’’حضرت! میری طرف خاص توجہ فرمائیے کہ میں اپنی جوان لڑکیوں کے فرض سے سبکدوش ہو جاؤں۔‘‘حضرت شیخ کے یہاں اس وقت کچھ موجود نہ تھا۔ اس لیے انہوں نے فرمایا کہ ’’آج جاؤ کل آنا۔‘‘حضرت شیخ کے فرمانے کے مطابق وہ واپس ہو گیا۔ واپسی میں اسے ایک آتش پرست ملا۔ اس نے پوچھا ’’درویش! کیا ہے؟ کہاں جا رہے ہو؟‘‘اس نے جواب دیا۔ ’’میری سات جوان لڑکیاں ہیں اور فرض سے سبکدوش ہونے کے لیے میرے پاس ایک پیسہ بھی نہیں۔ سخت عاجز اور بے بس ہو رہا ہوں۔ حضرت شیخ حاجی شریف کے پاس اپنی حالت بیان کرنے گیا تھا، انہوں نے کل بلایا ہے، ناامید جا رہا ہوں۔ دیکھیں کیا صورت پیدا ہوتی ہے۔‘‘اس مجوسی نے کہا ’’اے فقیر! حضرت شیخ تو خود ہی نادار ہیں، اور تم سے بھی زیادہ فقر میں مبتلا ہیں، وہ کیا تمہیں دیں گے۔ اس لیے انہوں نے تم سے بہانہ کیا ہوگا۔ جاؤ اور ان سے کہو کہ اگر سات برس تک میری خدمت گزاری قبول کریں اور جو میں کہوں اس کو بجا لائیں تو میں سات ہزار دینار ان کو دے سکتا ہوں۔‘‘فقیر لوٹا اور سارا ماجرا حضرت شیخ سے کہہ سنایا۔ حضرت شیخ نے تمام باتوں کو سن کر فرمایا ’’سبحان اللہ! اس سے بہتر کیا ہو گا کہ میری سات سال کی خدمت گزاری کے بدلے کسی غریب، حاجت مند کی ضرورت پوری ہو جائے۔‘‘

پھر حضرت شیخ اس فقیر کو ساتھ لیے ہوئے اس مجوسی کے پاس پہنچے اور جو کچھ اس مجوسی نے کہا، اس کو قبول کر لیا۔مجوسی نے قاضی شہر کے سامنے جا کرخط بندگی ان سے لکھوا لیا اور سات ہزار دینار ان کو دے دئیے۔ حضرت خواجہ نے وہ سارے دینار اس فقیر کو دئیے کہ جا کر لڑکیوں کی شادی انجام دے اور خود اس مجوسی کی خدمت گزاری کے لیے اس کے پاس ٹھہر گئے۔

اس مجوسی نے ان کے سپرد رات کی پاسبانی کی اور حضرت شیخ مستعدی کے ساتھ اس کے حکم کی تعمیل میں لگ گئے۔وقت کا خلیفہ ان کا معتقد تھا، اس کو جو یہ خبر معلوم ہوئی اس نے فوراً سات ہزار دینار اور سات ہزار درہم حضرت خواجہ کی خدمت میں روانہ کیے اور کہلا بھیجا کہ سات ہزار دینار اس مجوسی کو دے کر اس سے نجات حاصل کریں اور سات ہزار درہم اپنی ضرورت پر خرچ فرمائیں۔

حضرت شیخ حاجی شریف زندگی نے وہ تمام دینار و درہم فقراء اور حاجت مندوں میں تقسیم کر دیے اور کہا کہ ’’میں نے سات سال تک اس مجوسی کی خدمت کرنے کا عہد کیا ہے تو مجھے پورا کرنا ہی ہے۔‘‘یہ خبر جب اس مجوسی کو ملی تو اس نے حضرت سے آ کر پوچھا کہ ’’اے شیخ، جب خلیفہ وقت نے آپ کی خلاصی کے لیے دینار و درہم بھیجے تو پھر آپ نے اس سے فائدہ کیوں نہ اٹھایا اور اپنی خلاصی کرا لیتے تاکہ اس کڑی خدمت کی تکلیف سے بچ جاتے؟‘‘

حضرت شیخ نے جواب دیا کہ ’’تم اس محنت اور تکلیف کی لذت اور قدر کو کیا جانو، میرا اللہ فقر اور محنت کو پسند کرتا ہے اور میں اپنے خدا کو پسند کرتا ہوں۔ پھر جس میں وہ راضی ہو اسی میں میرے لیے راحت ہے۔ اللہ دلجوئی کو پسند کرتا ہے اور دلجوئی کرنے والوں کو اپنی نعمتوں سے نوازتا ہے۔‘‘مجوسی حضرت شیخ کی باتوں سے بہت زیادہ متاثر ہوا اور کہا ’’حضرت میں نے اپنی خوشی سے آپ کو آزاد کیا۔ آپ جائیے اور دلجمعی سے اپنے اللہ کے کاموں میں مشغول رہئیے۔‘‘

حضرت شیخ شریف زندنی نے فرمایا کہ ’’جب تو نے مجھ کو آزاد کیا ہے تو پھر تجھ کو اللہ تعالیٰ دوزخ کی آگ سے آزاد فرمائے۔‘‘ زبان مبارک سے اس جملہ کے نکلتے ہی وہ مجوسی اسلام کی طرف مائل ہو گیا اور فوراً کلمہ طیبہ پڑھ کر سچے دل سے مسلمان ہو گیا اور سب کچھ چھوڑ کر حضرت شیخ کی خدمت کی اور شیخ کامل بن گیا۔

آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں


کالم



’’پیٹر تم دس دن کہاں غائب رہے‘‘


کیلیفورنیا کے اس نرسنگ سکول کا پرچہ بہت دل چسپ…

پانچ سو ڈالر

وہ محمد منور کو تلاش کر رہا تھا‘ اس نے محمد منور…

تھینک گاڈ

برطانیہ کی کلارک فیملی اس کی شان دار مثال ہے‘…

آئی سٹل لو یو

یہ بنیادی طور پر محبت کی کہانی تھی‘ جارج سمتھ…

’’آزادی کی ہوا چل رہی ہے‘‘

یہ 1882ء کی ایک گرم دوپہر تھی‘ ہارورڈ یونیورسٹی…

موسمی پرندے

’’ مجھے سمجھ نہیں آ رہی‘‘ نوجوان وزیر نے دانشور…

آپریشن بنیان المرصوص (آخری حصہ)

سر ونسٹن چرچل لوگوں کو ہمیشہ خوش نصیبی کی دعا…

آپریشن بنیان المرصوص (چوتھا حصہ)

مئی کی پاک بھارت جنگ پہلگام کے واقعے سے سٹارٹ…

آپریشن بنیان المرصوص(تیسرا حصہ)

ہمیں کہانی کو آگے بڑھانے سے قبل ایک اور حقیقت…

آپریشن بنیان المرصوص(دوسرا حصہ)

ظہیر احمد بابر کا کیریئر بظاہر ائیر کموڈور پر…

آپریشن بنیان المرصوص

میری درخواست ہے آپ تھوڑی دیر کے لیے اپریل 2025ء…