حضرت شیخ الہندؒ مولانا محمود الحسنؒ کے دل میں امراء سے حد درجہ بعد پایاجاتا تھا، جب تک کوئی امیر پاس بیٹھا رہتا اس وقت تک حضرت کے قلب پر انقباض رہتا، ایک صاحب امیر شاہ خان صاحب راوی ہیں کہ نواب یوسف علی خان صاحب کو بعض بزرگوں کی طرف متوجہ کرتا اور انہیں ترغیب دیتا لیکن ان کا میلان حضرت شیخ الہندؒ ہی کی طرف ہوتاتھا،
ایک دن میں نے ان سے پوچھ لیا کہ میں آپ کو بعض مشائخ کی طرف متوجہ کرتاہوں لیکن آپ حضرت شیخ الہندؒ کی طرف ہی رغبت رکھتے ہیں اس کی کیا وجہ؟ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ میں جب اور جگہوں پر جاتاہوں تو وہ میرے جانے سے بہت زیادہ خوش ہوتے ہیں اور میری بہت خاطر مدارت کرتے ہیں اور جب حضرت شیخ الہندؒ کی خدمت میں جاتاہوں تو مولانا مجھ سے طبعاً ایسی نفرت کرتے ہیں جیسے کسی سے بدبو آ رہی ہو تو میں سمجھتا ہوں کہ ان کے یہاں خالص دین ہے دنیا بالکل نہیں ہے اس وجہ سے میں مولانا کا زیادہ معتقد ہوں۔
حضرت سہارنپوریؒ کا استغناء
حضرت مولانا خلیل احمد سہارنپوریؒ ایک مرتبہ حج پر جانے لگے تو بمبئی کے ایک سیٹھ صاحب نے اپنے کسی ملازم کے ہاتھ آپ کی خدمت میں سو روپے بھیجے، ساتھ ہی پیغام بھیجا کہ مجھے چونکہ حاضری کی فرصت نہیں اس لیے کسی کے ہاتھ بھیج رہا ہوں قبول فرمائیں، آپ نے یہ کہہ کر واپس بھجوا دیا کہ بحمداللہ مجھے ضرورت نہیں ہے، آخر وہ خود آیا اور معذرت کی تب آپ نے قبول فرما لیا۔اگر کسی غریب کا ہدیہ ہوتا تو اس کی آپ بڑی تعظیم فرماتے تھے اور ایسے قبول کرتے تھے جیسے آپ اس کے محتاج ہیں،
ایک دفعہ ایک شخص نے آپ کو ٹوپی پیش کی جو شاید آٹھ آنے کی بھی نہ ہو گی، آپ نے مسکرا کر قبول کی اور اسی وقت اس کو پہن لیا۔
حضرت اقدس تھانویؒ کا استغناء
حضرت اقدس تھانویؒ سے ایک نواب صاحب بیعت ہوگئے، بڑے مال پیسے والے تھے،اس دور میں جب استاد کی تنخواہ پانچ روپے ماہانہ ہوا کرتی تھی، اس نے حضرت کو ایک لاکھ روپے بھجوائے، حضرت نے اس کے خط کی تحریر سے محسوس کیا کہ یہ تو احسان جتلا کر پیش کر رہا ہے، حضرت نے منی آرڈر واپس کردیا، جب منی آرڈر واپس گیا تو وہ سٹپٹا گیا، اس نے پھر خط لکھا، کہنے لگا: حضرت! میں نے بیعت ہو کرآپ کو ایک لاکھ روپیہ ہدیہ پیش کیا آپ کو ایسا مرید اور کہیں نہیں ملے گا، حضرت نے خط پڑھا اور جواب میں لکھا کہ اگر مجھے تجھ جیسا مرید نہیں ملے گا تو تجھے بھی مجھ جیسا پیر نہیں ملے گا جو تیرے لاکھ روپے کوٹھوکر ماردے۔



















































