احتجاجی اجلاس سے روکنے پر ن لیگی ارکان مشتعل،پنجاب اسمبلی عمارت پر حملہ،دروازے کو پیٹتے اور لاتیں مارتے رہے ،اراکین اور سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان زور آزمائی ، تمہارا گریبان اور ہمارا ہاتھ ہوگا،دھماکہ خیز اعلان کردیاگیا

10  اکتوبر‬‮  2018

لاہور( این این آئی)مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی گرفتاری کیخلاف پنجاب اسمبلی کا فوری اجلاس بلانے کیلئے جمع کرائی گئی ریکوزیشن مسترد ہونے پر اسمبلی کے داخلی راستیپر علامتی اجلاس منعقد کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ،(ن) لیگ کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے احاطے میں سیڑھیوں پر اجلاس منعقد کرنے کے اعلان پر تمام داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر کے خار دار تاریں لگا دی گئیں،

لیگی اراکین اسمبلی بلاکس اور خار دار تاروں کو پھلانگتے ہوئے مرکزی دروازے تک پہنچ گئے اور نعرے بازی کے ساتھ دروازے کو ہاتھوں سے پیٹتے اور لاتیں مارتے رہے ،اراکین اور اسمبلی کے اندرونی حصے میں تعینات اینٹی رائٹ فورس کے اہلکاروں کے درمیان دروازہ کھولنے اور بند رکھنے کیلئے بھرپور زور آزمائی کی گئی ۔ جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے عمران خان کو پاکستان کابال ٹھاکر ے قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج اسمبلی کے دروازوں پر نہیں بلکہ جمہوری نظام پر تالے لگائے گئے ہیں ،اگر نواز شریف کے ساتھ اس کی بیٹی مریم نواز جیل میں جا سکتی ہے تو عمران نیازی حوصلہ پیدا کرو علیمہ خان پر بھی آف شور کمپنی کا الزام ہے انہیں بھی گرفتار کرو ۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف ریکوزیشن کے باوجود اجلاس نہ بلائے جانے پر لیگی اراکین اسمبلی پنجاب اسمبلی کے احاطے میں سیڑھیوں پر علامتی اجلاس منعقد کرنے کے لئے جمع ہوئے تاہم پولیس کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے تمام داخلی اور خارجی دروازوں کو مکمل بند کر کے خار داریں لگا دی گئیں ۔ لیگی اراکین اسمبلی نے پنجاب اسمبلی کے مرکزی دروازے کے داخلی راستے پر دریاں بچھا کر بیٹھ گئے۔ اس موقع پر اراکین اسمبلی شرم کرو حیا ء کرو شہباز شریف کو رہا کرو ، ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے ، لاٹھی گولی کی سرکار نہیں چلے گی نہیں چلے گی ،وزیر اعظم نواز شریف ، یا اللہ یا رسول شہباز شریف بے قصور ،شیر شیر کے نعرے لگاتے رہے ۔

اسی دوران کچھ اراکین اسمبلی مرکزی دروازے پر رکھے گئے سیمنٹ کے بلاکس اور ان پر لگائی گئی خار دار تاروں کو پھلانگتے ہوئے مرکزی دروازے کی طرف کود گئے اوراراکین اسمبلی ایک دوسرے کو سہارا دے کر نیچے اتارتے رہے ۔ اراکین اسمبلی کی جانب سے نعرے بازی کے ساتھ اسمبلی کے دروازے کو پیٹا جاتا رہا جبکہ اس موقع پر کچھ اراکین اسمبلی کی جانب سے دروازے کو لاتیں بھی ماری گئیں ۔ تعداد بڑھنے پر اراکین اسمبلی کی جانب سے دروازے کو کھولنے کے لئے مشترکہ ہلہ بولا گیا

اور اندرونی حصے میں موجود اینٹی رائٹ فورس کے اہلکاروں کی جانب سے دروازہ کھولنے کی کوشش ناکام بنانے کے لئے زور لگایا جاتا رہا ۔ سابق سپیکر رانا محمد اقبال کی آمد پر اراکین اسمبلی دوبارہ باہر موجود اراکین اسمبلی کے ساتھ آکر بیٹھ گئے اور باقاعدہ طو رپر علامتی اجلاس کی کارروائی کا آغاز کیا گیا ۔ بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھے اراکین اسمبلی علامتی پوائنٹ آف آڈر لے کر اظہار خیال کرتے رہے ۔قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کو گالیاں دینے والے اور اس پر لعنت بھیجنے والوں نے ہزاروں اورلاکھوں عوام کے ووٹ لے کر آنے والے اراکین اسمبلی پر پنجاب اسمبلی کے دروازے بند کر دئیے ہیں ۔

قوم جاتی ہے کہ جس شخص کی زبان لوگوں کو گالیاں دیتے تھکتی نہیں اس میں منتخب اراکین اسمبلی کی بات سننے کا حوصلہ نہیں ۔ عمران خان آپ نے کہا تھاکہ اگر میں آئی ایم ایف سے قرضہ لوں گا تو اس سے پہلے خود کشی کر لوں گا ۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ میں آئی ایم ایف کے پیچھے نہیں چھپوں گا ۔ آپ کا وزیر اطلاعات کہتا ہے کہ گیس مہنگی نہیں ہو گی اور اگلے روز گیس مہنگی کر دی گئی ۔ ایک روز کہا گیا کہ بجلی مہنگی نہیں ہو گیاور اگلے روز بجلی کی قیمتیں بڑھا دیں ۔ڈالر کی قیمت میں صرف 9روپے اضافہ نہیں ہوا بلکہ قوم پر راتوں رات 900ارب روپے کا قرض چڑھ گیا ہے ۔ نیازی صاحب آپ نے پریس کانفرنس میں جس وزیر اعلیٰ کے تعریفوں کے پل باندھے وہ شخص 1998ء میں انسداد دہشتگردی عدالت میں قتل کے مقدمے میں دیت دے کررہا ہوا ہے ۔

قوم جانتی ہے کہ آپ کی چوائس کیا ہے اور جسے آپ تبدیلی کا علمبردار کہتے ہیں ڈی پی او تبدیلی کیس میں سپریم کورٹ نے کہا کہ نیا پاکستان بنانے والوں نے یہ مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کی توجہ اس جانب مبذول کرانا چاہتا ہوں کہ آپ نے کہا کہ میں ہوتا تو پچاس لوگوں کو گرفتار کرا چکا ہوتا آپ کو اس کا آغاز کرنا چاہیے آپ کی بہن پر آ ف شور کمپنیوں کا الزام ہے ، پنجاب کابینہ کے سینئر وزیر کے خلاف ای او آئی بی کا سکینڈل ہے اور اسی طرح کی درجنوں مثالیں موجود ہیں۔ واہ واہ یہ آپ کا نیا پاکستان ہے لیکن قوم کو یہ نہیں چاہیے یہ آپ کو ہی مبارک ہو ۔ انہوں نے کہا کہ آج جس شخص نے اسمبلی کے دروازے پر تالا لگایا ہے یہ تالا اسمبلی کے دروازے پر نہیں بلکہ جمہوری نظام پر تالا ہے ، اس سے جمہوریت کا تماشہ لگایا گیا ہے ۔ آج آپ کا نیا لیڈر عمران نیازی ہے ،

کسی زمانے میں نواز شریف بھی آپ کا لیڈر تھا پھر آمر پرویز مشرف آپ کا لیڈر بنا جسے آپ نے دس مرتبہ باوردی صدر منتخب کرانے کی باتیں کیں ۔نیازی صاحب اپنے دائیں بائیں جھانکیں جس شخص کو پنجاب میں سپیکر کے عہدے پر بٹھایا گیا ہے ان کی جانب سے پنجاب بینک پر 22ارب کا ڈاکہ ڈالا ، ان کا بیٹا این آئی سی ایل میں جیل کاٹ کر آیا ہے ، آپ پچاس لوگوں کا نام سامنے لائیں ، میں کہنا چاہتا ہوں کہ اگر نواز شریف اور مریم نواز جیل جا سکتی ہیں تو پھر عمران نیازی صاحب حوصلہ پیدا کرو علیمہ خان پر بھی آف شور کمپنیوں کا الزام ہے انہیں بھی گرفتار کرو ۔ مشرف کے دور میں بھی ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں ہوئیں لیکن ہم سرخرو ہوئے ۔ شہباز شریف وہ شخص ہے جس نے دن رات اس صوبے کی خدمت کی او راپنی صحت کو بھی داؤ پر لگادیا ۔

انہوں نے کہا کہ علیمہ خان کے خلاف انکوائریاں چل رہی ہیں ۔ بابر اعوان کے خلاف عدالت نے کہا ہے کہ نندی پوری کیس میں تحقیقات ہونی چاہئیں لیکن وہ دندناتا پھر رہا ہے ، سرور خان کون ہے جو آپ کی کابینہ کا حصہ ہے ، زلفی بخاری کے بارے میں قوم کو بتائیں ، سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین کے بارے میں کہا ہے کہ یہ ایک جھوٹا شخص ہے ۔ آپ نے پریس کانفرنس میں بطور وزیر اعظم جو زبان استعمال کی وہ آپ کو زیب نہیں دیتی ۔ آ پ عوام کے ووٹوں سے نہیں بلکہ جعلی مینڈیٹ کی پیداوار ہیں اور عوام آپ کو جعلی وزیر اعظم مانتے ہیں ،دلوں کا وزیراعظم آج بھی نواز شریف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے آئی جی پنجاب کو بدلا ہے قوم اس کے محرکات جاننا چاہتی ہے کہیں یہ منشا بم کی گرفتاری یا میاں محمود الرشید جس کے بیٹے نے پولیس والوں کو یر غمال بنایا یہ تبدیلی اس کی وجہ تو نہیں ۔

آپ کے مذاق کی وجہ سے پولیس اصلاحات کمیشن کے چیئرمین ناصر خان درانی نے استعفیٰ دیدیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں بلالیا گیا لیکن کوئی ثبوت نہ ملا تو آشیانہ میں دھر لیا گیا ۔ عمران نیازی صاحب آپ خیبر پختوانخواہ حکومت کے سرکاری ہیلی کاپٹر پر سیر سپاٹے کرتے رہے اور کروڑوں روپے کا پیٹرول پھونکا آپ کو کیوں گرفتار نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ انشا اللہ اسمبلی کے دروازے کھلیں گے اور میدانوں میں بھی بات ہو گی ۔ پاکستانی قوم کو کھلاڑی نہیں ایک اناڑی مل گیا ہے اور ہم نے ملک کو اس اناڑی سے بچانا ہے ۔ میرا ایک بار پھر مطالبہ ہے کہ آپ اپنے گھر سے احتساب شروع کریں ۔ آپ نے جس شخص کے خلاف جھوٹی کارروائی کی ہے وہ قوم کی خدمت کی وجہ سے عوام کے دلوں میں بستا ہے ۔ شہباز شریف کا جرم یہ ہے کہ اس نے ایک ایسے ٹھیکیدار کو نکالا جو مفرور ہے

اور اس نے نیب کو جرمانہ ادا کر کے اپنی جان چھڑائی لیکن آپ کی خیبر پختوانخواہ حکومت نے اسے 71ارب روپے کا ٹھیکہ عنایت کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کی پریس کانفرنس دیکھ کر مولاجٹ اور نوری نت کی فلمیں یاد آ گئیں ۔ آپ کنٹینر پر چڑھ کر باتیں کرتے تھے اور حکومت میں آکر بھی صرف باتیں کررہے ہو ۔ عوام جانتے ہیں کہ اصلی وزیراعظم کون ہے اور جعلی وزیر اعظم کون ہے ۔ انشا اللہ شہباز شریف عزت کے ساتھ واپس آئے گا ۔ عمران نیازی آپ روز قلابازیاں لگاتے ہو آپ کو قوم کے سامنے یوٹرن خان کا خطاب دیتا ہوں اور آپ کو نیا خطاب مبارک ہو ۔ا نہوں نے کہا کہ نواز شریف ، شہباز شریف اور اس کے متوالوں کو جیلوں سے نہ ڈرانا ، ہم نے اٹک کی جیلیں برداشت کی ہیں ، جلا وطنی بھگتی ہے ، ہم نے چوڑیاں نہیں پہن رکھیں لیکن آپ دو دن کی پولیس اسٹیشن کی حوالات برداشت نہیں کر سکتے ۔

خواجہ سعد رفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایک ڈکٹیٹر کی طرح ملک چلا رہے ہیں ۔ موجودہ حکمران فسطائی حکمران ہیں ۔ پاکستان کا وزیر اعظم کھلے عام اپنے مخالفین کو جیلوں میں ڈالنے کی دھمکیاں دیتا ہے ۔ یہ لب و لہجہ نا قابل برداشت اور نا قابل قبول ہے ۔ آج پنجاب اسمبلی کے دروازے بند کر دئیے گئے ہیں ۔ یہ آمرانہ رویہ ہے ۔ شہباز شریف کو بغیر کسی جرم کے اور وجہ بتائے بغیر گرفتار کرنے کا مقصد یہ ہے کہ عمران خان کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں اور چاہتا ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ گتھم گتھا ہو ۔ یہ انوکھا حکمران ہے حالانکہ حکمران حکومت کیلئے امن مانگتے ہیں ۔ عمران خان سے ملک نہیں چل رہا اسی لئے اپو زیشن سے جھگڑا چاہتا ہے ۔ ڈیڑھ ماہ میں مہنگائی آسمانوں کو چھو رہی ہے اور غریب کی چیخیں نکل گئی ہیں ۔ تم او رتمہارے وزراء کہتے ہیں ہم پکڑیں گے ، تم پکڑو ہم تمہارا گریبان پکڑیں گے ،

تمہارا گریبان اور ہمارا ہاتھ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے تمہیں دھوکے میں ووٹ دیا وہ آج پچھتا رہے ہیں ۔ 14اکتوبر کو عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے پاکستان کے بال ٹھاکر کو مسترد کر دیں گے اور شہباز شریف جیل کی سلاخیں توڑ کر باہر آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تم نام لیتے اور ٹارگٹ کرتے ہو، تمہیں اور تمہارے وزیر وں کو کون بتاتا ہے کہ اگلا شکار کون ہے، تمہیں اطلاع کون دیتا ہے ۔ احتساب والے آزاد ہیں تو تم احتساب کے مامے لگتے ہو ۔ آپ کی اپنی پارٹی چوروں سے بھری ہوئی ہے ، تم خود بھی دیانتدار نہیں ۔ تم جھوٹے آدمی ہو ۔ ہم کنٹینر پر نہیں چڑھنا چاہتے لیکن تم ہمیں چڑھانا چاہتے ہو ۔ اگر تمہارا آمرانہ رویہ جاری رہا تو اپوزیشن کے پاس سوائے سڑکوں پر نکل کراحتجاج کے کوئی راستہ نہیں ہوگا۔ ہمارا یہ احتجاج بڑھتی ہوئی مہنگائی ، سی پیک کو رول بیک کرنے کی سازش، شہباز شریف کی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف ہے ۔ ہم سیاسی انتقامی کارروائیوں کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے اور تمہیں ملک کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

موضوعات:



کالم



شاہ ایران کے محلات


ہم نے امام خمینی کے تین مرلے کے گھر کے بعد شاہ…

امام خمینی کے گھر میں

تہران کے مال آف ایران نے مجھے واقعی متاثر کیا…

تہران میں تین دن

تہران مشہد سے 900کلو میٹر کے فاصلے پر ہے لہٰذا…

مشہد میں دو دن (آخری حصہ)

ہم اس کے بعد حرم امام رضاؒ کی طرف نکل گئے‘ حضرت…

مشہد میں دو دن (دوم)

فردوسی کی شہرت جب محمود غزنوی تک پہنچی تو اس نے…

مشہد میں دو دن

ایران کے سفر کی اصل تحریک حسین باقری ہیں‘ یہ…

ہم کرنا ہی نہیں چاہتے

وہ وجے تنوار تھا‘ ذات کا گجر تھا‘ پیشہ پہلوانی…

ٹھیکیدار

یہ چند سال پہلے کی بات ہے اور شہر تھا وینس۔ وینس…

رضوانہ بھی ایمان بن سکتی تھی

یہ کہانی جولائی 2023 ء میں رپورٹ ہوئی تھی‘ آپ…

ہم مرنے کا انتظار کیوں کرتے ہیں؟

’’میں صحافی کیسے بن گیا؟‘‘ میں جب بھی اس سوال…

فواد چودھری کا قصور

فواد چودھری ہماری سیاست کے ایک طلسماتی کردار…