تین سوساٹھ سال بعد

29  جنوری‬‮  2019

 فرانسیس برنیئر پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر تھا‘ یہ فرانس کا رہنے والا تھا اور یہ 1658ء میں ہندوستان آیا اور 1670ء تک بارہ سال ہندوستان میں رہا‘ یہ شاہ جہاں کے دور کے آخری دن تھے‘ برنیئر طبی ماہر تھا چنانچہ یہ مختلف امراء اور رؤسا سے ہوتا ہوا شاہی خاندان تک پہنچ گیا‘ اسے مغل دربار‘ شاہی خاندان‘ حرم سرا اور مغل شہزادوں اور شہزادیوں کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا‘ برنیئر نے شاہ جہاں کو اپنی نظروں کے سامنے بے اختیار ہوتے‘ گرفتار ہوتے اور اپنے صاحبزادے اورنگ زیب عالمگیر کے ہاتھوں قید ہوتے دیکھا‘

اس نے اورنگ زیب عالمگیر کی اپنے تینوں بھائیوں دارالشکوہ‘ سلطان شجاع اور مراد بخش سے جنگیں بھی دیکھیں اور بادشاہ کے ہاتھوں بھائیوں اور ان کے خاندانوں کو قتل ہوتے بھی دیکھا‘ اس نے دارالشکوہ کوگرفتار ہو کر آگرہ آتے اور بھائی کے سامنے پیش ہوتے بھی دیکھا اور اسے شہنشاہ ہند اورنگ زیب عالمگیر کے ساتھ لاہور‘ بھمبر اور کشمیر کی سیاحت کا موقع بھی ملا‘ فرانسیس برنیئر نے واپس جا کر ہندوستان کے بارے میں شاندار سفر نامہ تحریر کیا‘ یہ سفر نامہ 1671ء میں پیرس میں شائع ہوا‘ یہ بعد ازاں انگریزی زبان میں ترجمہ ہوا‘ برطانیہ میں چھپا اور اس کے بعد آؤٹ آف پرنٹ ہو گیا‘ مجھے فرانسیس برنیئر کا یہ سفر نامہ پڑھنے کا موقع ملا‘ میں یہ کتاب پڑھ کر ورطہ حیرت میں چلا گیا کیونکہ فرانسیس برنیئر نے1660ء میں جو ہندوستان (اب پاکستان) دیکھا تھا وہ آج تک اسی سپرٹ اور اسی کلچر کے ساتھ قائم ہے‘ ہم نے تین سو60 برسوں میں کچھ نہیں سیکھا۔فرانسیس برنیئر نے ہندوستان کے بارے میں جگہ جگہ حیرت کا اظہار کیا‘ اس کا کہنا تھا‘ ہندوستان میں درمیانہ طبقہ (مڈل کلاس) سرے سے موجود نہیں‘ ملک میں امراء ہیں یا پھر انتہائی غریب لوگ‘ امراء محلوں میں رہتے ہیں‘ ان کے گھروں میں باغ بھی ہیں‘ فوارے بھی‘ سواریاں بھی اور درجن درجن نوکر چاکر بھی جبکہ غریب جھونپڑیوں میں رہتے ہیں اور ان کے پاس ایک وقت کا کھانا تک نہیں ہوتا‘ وہ کہتا ہے‘ ہندوستان میں خوشامد کا دور دورہ ہے‘ بادشاہ سلامت‘ وزراء‘ گورنرز اور سرکاری اہل کار دو دو گھنٹے خوشامد کراتے ہیں‘ دربار میں روزانہ سلام کا سلسلہ چلتا ہے اور گھنٹوں جاری رہتا ہے‘

لوگوں کو خوشامد کی اس قدر عادت پڑ چکی ہے کہ یہ میرے پاس علاج کیلئے آتے ہیں تو مجھے سقراط دوراں‘ بقراط اور ارسطو زمان اور آج کا بو علی سینا قرار دیتے ہیں اور اس کے بعد نبض کیلئے اپنا ہاتھ آگے بڑھاتے ہیں‘ بادشاہ سلامت دربار میں جب بھی منہ کھولتے ہیں تو درباری کرامات کرامات کا ورد شروع کر دیتے ہیں‘ لوگ جیبوں میں عرضیاں لے کر گھومتے ہیں اور انہیں جہاں کوئی صاحب حیثیت شخص دکھائی دیتا ہے یہ اپنی عرضی اس کے سامنے رکھ دیتے ہیں اور وہ جب تک اس عرضی پر حکم جاری نہیں کرتا سائل وہاں سے ٹلنے کا نام نہیں لیتا‘

بازار بے ترتیب اور گندے ہیں‘ آپ کو ایک دکان سے پشمینہ‘ کمخواب‘ ریشم اور زری کا کپڑا ملے گا اور ساتھ کی دکان پر تیل‘ گھی‘ آٹا اور شکر بک رہی ہو گی‘ آپ کو کتابوں اور جوتوں کی دکانیں بھی ساتھ ساتھ ملیں گی‘ ہر دکان کا اپنا نرخ ہوتا ہے اور بھاؤ تاؤ کے دوران اکثر اوقات گاہک اور دکاندار ایک دوسرے سے الجھ پڑتے ہیں‘ شہروں میں حلوائیوں کی دکانوں کی بہتات ہے مگر آپ کو دکانوں پر گندگی‘ مکھیاں‘ مچھر‘ بلیاں اور کتے دکھائی دیتے ہیں‘

آپ کو ہندوستان بھر میں اچھا گوشت نہیں ملتا‘ قصائی بیمار اور قریب المرگ جانور ذبح کر دیتے ہیں‘ یہ لوگوں کو گدھے اور کتے کا گوشت بھی کھلا دیتے ہیں‘ ہوٹلوں کا کھانا انتہائی ناقص اور مضر صحت ہوتا ہے لہٰذا لوگ ریستورانوں کی بجائے گھر پر کھانا کھاناپسند کرتے ہیں‘ پھل بہت مہنگے ہیں‘ ہندوستان میں خربوزہ بہت پیدا ہوتا ہے لیکن دس خربوزوں میں سے ایک میٹھا نکلتا ہے‘ سردہ بہت مہنگا ہے‘ میں پونے چار روپے کا سردہ خریدتا ہوں‘ ملک میں شراب پر پابندی ہے لیکن چھپ کر سب پیتے ہیں‘

شراب شیراز سے سمگل ہو کر آتی ہے اور شہروں میں عام ملتی ہے تاہم حکومت نے عیسائیوں کو شراب پینے کی اجازت دے رکھی ہے مگر یہ اکثر اوقات اپنی شراب مسلمانوں کو بیچ دیتے ہیں‘ ملک بھر میں جوتشیوں کی بھرمار ہے‘ یہ دریاں بچھا کر راستوں میں بیٹھ جاتے ہیں اور لوگ ان کے گرد گھیرا ڈال لیتے ہیں‘ ملک میں پینے کا صاف پانی نہیں ملتا چنانچہ امراء اونٹ پر پانی لاد کر سفر کیلئے نکلتے ہیں‘ ہندوستان کی مٹی ذرخیز ہے لیکن زراعت کے طریقے قدیم اور فرسودہ ہیں چنانچہ کسان پوری پیداوار حاصل نہیں کر پاتے‘

ہندوستان کی زیادہ تر زمینیں بنجر پڑی ہیں‘ لوگ نہروں اور نالیوں کی مرمت نہیں کرتے‘ چھوٹے کسان یہ سمجھتے ہیں اس سے جاگیرداروں کو فائدہ ہو گا اور جاگیردار سوچتے ہیں بھل صفائی پر پیسے ہمارے لگیں گے مگر فائدہ چھوٹے کسان اٹھائیں گے لہٰذا یوں پانی ضائع ہو جاتا ہے‘ لاہور کے مضافات میں ہر سال سیلاب آتا ہے اور سینکڑوں لوگوں کی ہزاروں املاک بہا لے جاتا ہے لیکن لوگ سیلابوں کی روک تھام کا کوئی بندوبست نہیں کرتے چنانچہ اگلے سال دوبارہ تباہی دیکھتے ہیں۔

فرانسیس برنیئر نے ہندوستان کے لوگوں کے بارے میں لکھا یہ کاریگر ہیں لیکن یہ اپنی کاریگری کو صنعت کا درجہ نہیں دے پاتے لہٰذا فن کار ہونے کے باوجود بھوکے مرتے ہیں‘ یہ اگر اپنی فنکاری کو کارخانے کی شکل دے لیں تو خود بھی خوشحال ہو جائیں اور دوسرے لوگوں کی مالی ضروریات بھی پوری ہو جائیں‘ ہندوستان کے لوگ روپے کو کاروبار میں نہیں لگاتے‘ یہ رقم چھپا کر رکھتے ہیں‘ عوام زیورات کے خبط میں مبتلا ہیں‘ لوگ بھوکے مر جائیں گے لیکن اپنی عورتوں کو زیورات ضرور پہنائیں گے‘

ملک کا نصاب تعلیم انتہائی ناقص ہے‘ یہ بچوں کو صرف زبان سکھاتا ہے ان کی اہلیت میں اضافہ نہیں کرتا‘ خود اورنگزیب نے میرے سامنے اعتراف کیا ”میں نے اپنے بچپن کا زیادہ تر وقت عربی زبان سیکھنے میں ضائع کر دیا“ یہ لوگ فاقوں کو بیماریوں کا علاج سمجھتے ہیں چنانچہ بخار میں فاقے شروع کر دیتے ہیں۔ ملک میں رشوت عام ہے‘ آپ کو دستاویزات پر سرکاری مہر لگوانے کیلئے حکام کو رشوت دینا پڑتی ہے‘ صوبے داروں کے پاس وسیع اختیارات ہیں‘ یہ بیک وقت صوبے دار بھی ہوتے ہیں‘ خزانچی بھی‘ وکیل بھی‘ جج بھی‘پارلیمنٹ بھی اور جیلر بھی‘

سرکاری اہلکار دونوں ہاتھوں سے دولت لٹاتے ہیں‘ بادشاہ نے اپنے لئے 3 کروڑ 184 روپے کا (1660ء میں) تخت بنوایا‘ سرکاری عہدیدار پروٹوکول کے ساتھ گھروں سے نکلتے ہیں‘ یہ ہاتھیوں پر سوار ہو کر باہر آتے ہیں‘ ان کے آگے سپاہی چلتے ہیں‘ ان سے آگے ماشکی راستے میں چھڑکاؤ کرتے ہیں‘ ملازموں کا پورا دستہ مور جھل اٹھا کر رئیس اعظم کو ہوا دیتا ہے اور ایک دو ملازم اگل دان اٹھا کر صاحب کے ساتھ چلتے ہیں‘ یہ لوگ گھر بہت فضول بناتے ہیں‘ ان کے گھر گرمیوں میں گرمی اور حبس سے دوزخ بن جاتے ہیں اور سردیوں میں سردی سے برف کے غار‘

بادشاہ اور امراء سیر کیلئے نکلتے ہیں تو چھ چھ ہزار مزدور ان کا سامان اٹھاتے ہیں‘ ہندوستان کا اشرافیہ طوائفوں کا بہت دلدادہ ہے‘ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں طوائفوں کے کوٹھے ہیں اور امراء اپنی دولت کا بڑا حصہ ان پر نچھاور کر دیتے ہیں‘ طوائفیں شاہی خاندان کی تقریبات میں بھی بلوائی جاتی ہیں اور دربار سے وابستہ تمام لوگ ان کا رقص دیکھتے ہیں‘ وزراء صبح اور شام دو مرتبہ بادشاہ کے سامنے حاضر ہوتے ہیں‘ بادشاہ کے حضور حاضری نہ دینے والے وزراء عہدے سے فارغ کر دیئے جاتے ہیں‘ ہندوستان میں گرد‘ غبار‘ گندگی‘ بو اور بے ترتیبی انتہا کو چھو رہی ہے اور جرائم عام ہیں‘ مجرم اول تو پکڑے نہیں جاتے اور اگر پکڑ لئے جائیں تو یہ سفارش یا رشوت کے ذریعے چھوٹ جاتے ہیں۔

یہ فرانسیس برنیئر کے طویل سفرنامے کے چند مختصر حقائق تھے‘ آپ ان حقائق کو دیکھئے اور اس کے بعد آج کے پاکستان پر نظر دوڑائیے آپ کو یہ جان کر اطمینان ہو جائے گا ہم نے الحمدللہ 360 سال میں کچھ نہیں سیکھا‘ ہمارے کلچر‘ ہماری روایات اور ہمارے سماجی ڈھانچے میں 1660ء سے 2019ء تک کوئی تبدیلی نہیں آئی‘ ہم لوگ جس طرح شاہ جہاں اور اورنگزیب عالمگیر کے دور میں زندگی گزار رہے تھے ہم الحمدللہ آج بھی ویسے ہی ہیں‘ ہمارے ملک میں آج بھی گدھوں کا گوشت فروخت ہوتا ہے‘

ہمارے حکام آج بھی رشوت‘ خوشامد اور سفارش پر چل رہے ہیں‘ ہمارے لیڈر آج بھی ”سب کچھ ہیں“ ہم آج بھی پروٹوکول کے سائرن سنتے ہیں‘ ہمارے ایوانوں میں آج بھی وسیع پیمانے پر فضول خرچی ہو رہی ہے‘ ہم آج بھی سیلابوں میں ڈوبتے اور مرتے ہیں‘ہمارے ملک میں آج بھی سرعام بے گناہ لوگوں کو گولیوں سے بھون دیا جاتا ہے‘ ہم آج بھی فاقے کو علاج سمجھتے ہیں‘ ہمارے حلوائیوں کی دکانوں پر آج بھی مکھیوں کا اقتدار قائم ہے اور ہمارے بازار آج بھی بے ترتیب اور نصاب تعلیم انتہائی ناقص ہے اور خوشامد آج بھی پرفارمنس سے زیادہ حیثیت رکھتی ہے‘

ہم نے الحمدللہ 360 سال میں کچھ نہیں سیکھا اور ہم جس رفتار سے چل رہے ہیں ہم یقینا اگلے تین سوساٹھ سالوں میں بھی کچھ نہیں سیکھیں گے‘ کیوں؟ کیونکہ ملک میں آج بھی ایسے شاہ جہانوں کی حکومت ہے جو بنی گالہ اور جاتی عمرہ کو وارسائی محل بنا دیتے ہیں لیکن لوگ فیکٹریوں کا آلودہ پانی پیتے ہیں‘ یہ بلاول ہاؤس‘ بے نظیر ہاؤس اور زرداری ہاؤس کو سوئس کاٹیج بنا لیتے ہیں لیکن کراچی‘ لاڑکانہ اور نواب شاہ کو قاتلوں کے حوالے کر دیتے ہیں‘ ان کے محلوں میں جشن چلتے ہیں لیکن شہر میں تین تین سو لوگ مر جاتے ہیں اور کوئی حاکم منہ سے اف تک نہیں کرتا اورجب حکمران ایسے ہوں تو برا وقت قوموں کے نصیب میں آ کر ٹھہر جاتا ہے‘ یہ 360 سال بعد بھی مرداروں کا گوشت کھاتی ہیں اور عمران خان‘ میاں صاحبان اور زرداری صاحبان کی خوشامد کرتی ہیں‘ ان کا کل اور آج برابر ہوتا ہے۔



کالم



شاہ ایران کے محلات


ہم نے امام خمینی کے تین مرلے کے گھر کے بعد شاہ…

امام خمینی کے گھر میں

تہران کے مال آف ایران نے مجھے واقعی متاثر کیا…

تہران میں تین دن

تہران مشہد سے 900کلو میٹر کے فاصلے پر ہے لہٰذا…

مشہد میں دو دن (آخری حصہ)

ہم اس کے بعد حرم امام رضاؒ کی طرف نکل گئے‘ حضرت…

مشہد میں دو دن (دوم)

فردوسی کی شہرت جب محمود غزنوی تک پہنچی تو اس نے…

مشہد میں دو دن

ایران کے سفر کی اصل تحریک حسین باقری ہیں‘ یہ…

ہم کرنا ہی نہیں چاہتے

وہ وجے تنوار تھا‘ ذات کا گجر تھا‘ پیشہ پہلوانی…

ٹھیکیدار

یہ چند سال پہلے کی بات ہے اور شہر تھا وینس۔ وینس…

رضوانہ بھی ایمان بن سکتی تھی

یہ کہانی جولائی 2023 ء میں رپورٹ ہوئی تھی‘ آپ…

ہم مرنے کا انتظار کیوں کرتے ہیں؟

’’میں صحافی کیسے بن گیا؟‘‘ میں جب بھی اس سوال…

فواد چودھری کا قصور

فواد چودھری ہماری سیاست کے ایک طلسماتی کردار…