خدا کےلئے

28  ستمبر‬‮  2017

الطاف گوہر ملک کے نامور بیورو کریٹ‘ دانشوراور مصنف تھے‘ وہ ملک کے مختلف حصوں میں ڈپٹی کمشنر اورکمشنر بھی رہے اور صدر ایوب خان کے دورمیں فیڈرل انفارمیشن سیکرٹری بھی ‘ وہ جنرل یحییٰ خان کے دور میں نوکری سے برخاست کر دیئے گئے‘ صحافت جوائن کی‘ لندن سے تھرڈورلڈ ریویواور ساﺅتھ میگزین نکالا اور آخر میں ڈان اخبار کے ایڈیٹر بھی بن گئے‘ میں ان کا ارادت مند تھا‘ میں 1994سے 2000ءکے

دوران ان کے انتقال تک ہفتے میں دو تین بارگوہر صاحب سے ملتا تھا‘ وہ میرے ساتھ اپنی ہنگامہ خیز زندگی کے واقعات شیئر کرتے تھے‘ وہ دو واقعات کو بہت اہمیت دیتے تھے‘ جنرل یحییٰ خان نے انہیں قید تنہائی میں رکھا تھا‘ وہ اس قید تنہائی کو خوفناک ترین سزا قرار دیتے تھے‘ وہ کہا کرتے تھے ”اللہ کسی دشمن کو بھی قید تنہائی کے عذاب سے نہ گزارے“ دوسرے واقعے کا تعلق بھی قید تنہائی سے تھا‘ وہ واقعہ زیادہ دلچسپ تھا‘ وہ بتایا کرتے تھے‘ میں پاکستان کے شروع کے دنوں میں کراچی کا ڈپٹی کمشنر تھا‘میں ایک رات گہری نیند سویا ہوا تھا‘ مجھے اچانک رونے دھونے اور چیخنے چلانے کی آوازیں آئیں‘ میں غصے سے اٹھا اور کھڑکی میں آ گیا‘ میں نے دیکھا میرے لان میں دس بارہ مرد‘ عورتیں اور بچے کھڑے تھے اور وہ رو رو کر دہائیاں دے رہے ہیں‘ میں نے رونے کی وجہ پوچھی‘ وہ بلند آواز میں بولے ”صاحب پولیس ہمارے بڑے بیٹے کو گھر سے اٹھا کر لے گئی ہے‘ ہم تھانے گئے‘ ہمارا بیٹا وہاں موجود نہیں‘ ہم سی آئی ڈی گئے‘ ہمارا بیٹا وہاں بھی نہیں‘ ہمیں خطرہ ہے پولیس کہیں اسے مار نہ دے‘ آپ خدا کےلئے ہماری مدد کریں“ الطاف گوہر صاحب کے بقول ”میں اس وقت کیریئر کی اٹھان پر تھا‘ میرے اندر ایک فرعون بیٹھا ہوا تھا‘ میں نے نفرت اور تکبر سے جواب دیا‘تو پھر کیا ہوا‘ تمہارے بیٹے نے کچھ کیا ہو گا جس کی وجہ سے اسے پولیس اٹھا کر

لے گئی‘ تفتیش ہو گی‘ وہ بے گناہ ہوا تو چھوٹ جائے گا ورنہ سزا ہو جائے گی‘ تم میری نیند کیوں خراب کر رہے ہو“ میں نے اس کے بعد سنتری سے کہا ”نکالو ان سب کو باہر“ اور میں اس کے بعد دوبارہ سو گیا‘ اس واقعے کے ٹھیک 25 سال بعد ایک رات پولیس میرے گھر آئی‘ مجھے بستر سے گھسیٹ کر باہر نکالا‘ میرے چہرے پر چادر ڈالی اور مجھے لا کر قید تنہائی میں ڈال دیا‘ مجھے قید تنہائی کے ان دنوں میں اپنے خاندان کے بارے میں کچھ علم تھا اور نہ ہی میرا خاندان میرے بارے میں کچھ جانتا تھا‘

میری بیگم اور میرے بچے میری سلامتی کی خبر لینے کےلئے سرکاری دفتروں میں دھکے کھا رہے تھے‘ کوئی انہیں جواب دینے کےلئے تیار نہیں تھا‘ مجھے اچانک کراچی کا وہ خاندان یاد آیااور اس وقت پتہ چلا پولیس یا خفیہ ادارے جب کسی شخص کو اٹھاتے ہیںتو اس کے خاندان اور اس شخص پر کیا گزرتی ہے‘ میں نے فوراً چھت کی طرف دیکھا اور اس نامعلوم خاندان اور اللہ تعالیٰ سے معافی مانگی اور یہ فیصلہ کیا” میں باہر آ کر صرف اور صرف ”رول آف لائ“ کےلئے کام کروں گا اور میں نے پھر یہ کیا‘

میرے سامنے بنگالیوں کے ساتھ زیادتی ہوئی‘ میں ان کے ساتھ کھڑا ہو گیا‘ بھٹو نے بلوچستان میں آپریشن کیا‘ میں نے بلوچ لیڈروں کا ساتھ دیا اور جب جنرل ضیاءالحق نے مارشل لاءلگایا تو میں نے ان کے خلاف بھی آواز بلند کی“۔ہم انسان بڑی دلچسپ چیز ہیں‘ ہمیں اس وقت تک دوسروں کے دانت درد کا احساس نہیں ہوتا جب تک ہماری اپنی داڑھ نہیں نکلتی‘ ہمیں اس وقت تک دوسروں کے دکھوں‘ آلام اور آزمائشوں کا اندازہ بھی نہیں ہوتا جب تک ہم خود اس عمل سے نہیں گزرتے‘جب تک ہم اور ہمارا خاندان سڑکوں پر مارا مارا نہیں پھرتا‘

میاں نواز شریف اور ان کا خاندان بھی اس وقت اسی عمل سے گزر رہا ہے‘ یہ خاندان 30 سال سے لائم لائیٹ میں ہے‘ میاں صاحبان وزراءاعلیٰ بھی رہے اوریہ تین بار وزیراعظم بھی بنے لیکن یہ آج تین نسلوں کا حساب دینے کےلئے بار بار عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں‘ ان کے اکاﺅنٹس منجمد ہو رہے ہیں اور ان کے گھروں کے سامنے نوٹس لگ چکے ہیں‘آپ المیہ ملاحظہ کیجئے میاں نواز شریف اپنی علیل بیگم کو لندن چھوڑ کر پاکستان آنے پر مجبور ہو گئے ‘

یہ بار بار یہ بھی پوچھتے ہیں ”مجھے کیوں نکالا“ یہ عدالتوں کے کردار پر بھی انگلی اٹھاتے ہیں اور یہ برملا یہ اعتراف بھی کرتے ہیں ”مجھے علم ہے مجھے انصاف نہیں ملے گا“ یہ واقعات کیا ثابت کرتے ہیں؟ یہ ثابت کرتے ہیں ہمارے ملک میں انصاف موجود نہیں ہے چنانچہ آپ صدر ہوں‘ وزیراعظم ہوں‘ چیف جسٹس ہوں یا پھر آپ آرمی چیف ہوں آپ کو انصاف کےلئے عوامی کندھوں یا پھر ڈیل کا سہارا لینا پڑتا ہے‘ جنرل راحیل شریف مہربانی فرمادیں تو جنرل پرویز مشرف کو ”کمر درد“ کا سہارا مل جاتا ہے‘

سعودی بادشاہ مہربان ہو جائے تو شریف خاندان اٹک قلعے سے سرور پیلس پہنچ جاتا ہے‘ امریکا اور برطانیہ مان جائیں تو بے نظیر بھٹو اور آصف علی زرداری کو ”این آر او“ کا تحفہ مل جاتا ہے‘ جنرل پرویز مشرف ہاں کر دیں تو نیب چودھری صاحبان کی فائلیں بند کر دیتا ہے اور اگر جنرل کیانی اور جنرل پاشا ”ہتھ ہولا“ کر دیں تو صدر زرداری کو میمو سکینڈل سے چھٹکارا مل جاتا ہے اور قاضی حسین احمد اور میاں نواز شریف تک اپنی پٹیشن سے پیچھے ہٹ جاتے ہیں اور اگر آرمی چیف مان جائیں تو چیف جسٹس افتخار محمد چودھری بحال ہو جاتے ہیں‘

ہمیں کھلے دل سے کسی دن ماننا پڑے گا ہمارے عدل اور انصاف کے ادارے کسی کو انصاف نہیں دیتے‘ ہمارے محتسب بھی کسی کے ساتھ عدل نہیں کرتے‘ وہ تمام فیصلے جو عدالتوں میں ہونے چاہئیں وہ بند کمروں اور دوسرے ملکوں میں ہوتے ہیں اور ہمارے تفتیشی اور ہمارے منصف ان پر صرف مہریں لگاتے ہیں‘ آپ ڈان لیکس کی مثال ہی لیجئے‘ حکومت نے 7نومبر 2016ءکو 7رکنی کمیشن بنایا‘ کمیشن نے تحقیقات کیں لیکن ”ملزمان“ کی سزا کا فیصلہ کمیشن نے نہیں کیا‘ یہ فیصلہ حکومت اور فوج نے کیا‘

دونوں نے اپنی اپنی ٹیم بنائی‘ وزیراعظم ہاﺅس میں میٹنگ ہوئی اور پرویز رشید اور طارق فاطمی کو فارغ کرنے‘ ڈان کا ایشو اے پی این ایس پر چھوڑنے اور راﺅ تحسین کو معطل کرنے کا فیصلہ ہوگیا‘ یہ فیصلہ جب کمیشن کو بھجوایا گیا تو کمیشن کے ایک رکن نجم سعید نے فیصلے پر دستخط سے انکار کر دیا‘ یہ پنجاب کے محتسب ہیں اور یہ کمیشن کا حصہ تھے‘ نجم سعید پر ہر طرف سے دباﺅ ڈالا گیا‘ جنیوا میں موجود ان کے دوست ڈاکٹر توقیر شاہ سے بھی سفارش کرائی گئی اور فواد حسن فواد بھی ان سے ملے لیکن یہ نہیں مانے یہاں تک کہ نجم سعید کو لاہور بلایا گیا‘

فواد حسین فواد بھی لاہور پہنچے اور وزیراعلیٰ پنجاب نے بڑی مشکل سے نجم سعید کو راضی کیا ‘ آپ دیکھ لیجئے کمیشن کے فیصلے بھی کمیشن میں نہیں ہوئے وزیراعظم ہاﺅس اور وزیراعلیٰ ہاﺅس میں ہوئے‘ یہ ملک میں قانون اور انصاف کی صورتحال ہے اور صورتحال یہ ثابت کرتی ہے ملک میں قانون موجود ہے اور نہ ہی انصاف اور آج عدل وانصاف کی اس کمی کا نقصان شریف فیملی بھی اٹھا رہی ہے‘ میاں صاحبان نے اگر ملک کو انصاف کا سسٹم دیا ہوتا تو آج ان کے ساتھ یہ نہ ہوتا۔

آپ اسحق ڈار کی مثال بھی لے لیجئے‘ اسحق ڈار ساڑھے چار سال وزیر خزانہ رہے‘ وزارت خزانہ اور ایف بی آر نے ٹیکس کے نام پر ان ساڑھے چار برسوں میں ملک بھر کے تاجروں‘ صنعت کاروں‘ دکانداروں اور ملازم پیشہ لوگوں کے ساتھ کیا کیا نہیں کیا؟ ایف بی آر لوگوں کو نوٹس دیئے بغیر ان کے اکاﺅنٹس منجمد کر دیتا تھا‘ یہ جائیدادوں پر نوٹس بھی لگا دیتا تھا‘ نیب نے بھی ساڑھے چار برسوں میں لوگوں کا ناطقہ بند کر دیا‘ آپ کو آج اپر کلاس کے 90 فیصد خاندانوں کے پاس دوسرے ممالک کی شہریت بھی ملے گی اور بیرون ملک جائیدادیں بھی اور کاروبار بھی‘

یہ لوگ اپنا ملک چھوڑنے اور اپنے اثاثے دوسرے ملکوں میںرکھنے پر کیوں مجبور ہوئے؟ اس کا صرف ایک جواب ہے ملکی پالیسیاں‘ آپ جب لوگوں کو بلا وجہ تنگ کریں گے‘ آپ ان کے کاروبار‘ اکاﺅنٹس اور جائیدادیں پہلے منجمد کریں گے اور انہیں چارج شیٹ بعد میں کریں گے تو وہ کیا کریں گے؟ کیا وہ ملک سے نہیں جائیں گے‘ آپ ملک کے ٹیکس سسٹم کو دیکھ لیجئے‘ یقین کیجئے ٹیکس کے گورکھ دھندے سے نبٹنا ایک فل ٹائم جاب ہے‘ آپ اس ملک میں ٹیکس کے ڈاکومنٹس مکمل کر سکتے ہیں یا پھر کام کر سکتے ہیں‘

آپ یہ دونوں کام اکٹھے نہیں چلا سکتے‘ ملک کا عدالتی نظام بھی ذلت اور خواری کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ ہے‘ اگر آپ کا کوئی کیس کھل گیا تو پھر آپ دو نسلوں تک یہ کیس ہی بھگتائیں گے‘ آپ کوئی اور کام نہیں کر سکیں گے چنانچہ آج اسحق ڈار اور میاں نواز شریف کو یہ احساس ہو رہا ہو گا ملک میں اگر انصاف نہیں ہو گا تو پھر یہ کسی کو نہیں ملے گا خواہ آپ اسحق ڈار یا میاں نواز شریف ہی کیوں نہ ہوں‘ آج انہیں یہ بھی پتہ چل رہا ہو گا یہ جب اندھا دھند قوانین بناتے تھے تو لوگوں کو کتنی تکلیف ہوتی تھی اور لوگ عدالتوں میں کتنی خواری برداشت کرتے تھے۔

میاں نواز شریف دو دن قبل پریس کانفرنس میں ”خدا کےلئے‘ خدا کےلئے“ کی دہائیاں دے رہے تھے‘ میری ان سے عرض ہے‘ اللہ تعالیٰ اگر انہیں ایک بار پھر موقع دے تو یہ بھی خدا کےلئے اس سسٹم کو آسان بنا دیں‘ یہ بھی ملک میں ادارے اور انصاف قائم کر دیں کیونکہ اگر ملک میں ادارے اور سسٹم بن گیا تو پھر کسی شخص کو دوسروں سے یہ نہیں پوچھنا پڑے گا ”مجھے کیوں نکالا“ اور پھر کوئی شخص بیگم کو ہسپتال چھوڑ کر عدالت کی طرف نہیں دوڑے گا‘ ملک میں سب کو انصاف ملے گا اور اگر یہ موقع بھی ضائع ہو گیا تو پھر عوام کے ساتھ ساتھ حکمران بھی ”خدا کےلئے‘ خدا کےلئے“ کی گردان کے ساتھ زندگی گزاریں گے۔



کالم



عمران خان پر مولانا کی مہربانی


ڈاکٹر اقبال فنا کوہاٹ میں جے یو آئی کے مقامی لیڈر…

بھکارستان

پیٹرک لوٹ آسٹریلین صحافی اور سیاح ہے‘ یہ چند…

سرمایہ منتوں سے نہیں آتا

آج سے دس سال قبل میاں شہباز شریف پنجاب کے وزیراعلیٰ…

اللہ کے حوالے

سبحان کمالیہ کا رہائشی ہے اور یہ اے ایس ایف میں…

موت کی دہلیز پر

باباجی کے پاس ہر سوال کا جواب ہوتا تھا‘ ساہو…

ایران اور ایرانی معاشرہ(آخری حصہ)

ایرانی ٹیکنالوجی میں آگے ہیں‘ انہوں نے 2011ء میں…

ایران اور ایرانی معاشرہ

ایران میں پاکستان کا تاثر اچھا نہیں ‘ ہم اگر…

سعدی کے شیراز میں

حافظ شیرازی اس زمانے کے چاہت فتح علی خان تھے‘…

اصفہان میں ایک دن

اصفہان کاشان سے دو گھنٹے کی ڈرائیور پر واقع ہے‘…

کاشان کے گلابوں میں

کاشان قم سے ڈیڑھ گھنٹے کی ڈرائیو پر ہے‘ یہ سارا…

شاہ ایران کے محلات

ہم نے امام خمینی کے تین مرلے کے گھر کے بعد شاہ…